آر بی آئی نے رواں مالی سال کے لیے خوردہ افراط زر کی پیشین گوئی کو بڑھاکر5.1 فیصد کیا
ممبئی، 5 جون (ہ س)۔ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے جمعہ کو موجودہ مالی سال 2026سے2027کے لئے اپنی خوردہ افراط زر کی پیشین گوئی کو بڑھا کر 5.1 فیصد کردیا۔رزروبینک نے اس سے پہلے مغربی ایشیا میں جاری بحران کے درمیان خوردہ افراط زر کا 4.6 فیصد کا
ریٹ


ممبئی، 5 جون (ہ س)۔

ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے جمعہ کو موجودہ مالی سال 2026سے2027کے لئے اپنی خوردہ افراط زر کی پیشین گوئی کو بڑھا کر 5.1 فیصد کردیا۔رزروبینک نے اس سے پہلے مغربی ایشیا میں جاری بحران کے درمیان خوردہ افراط زر کا 4.6 فیصد کا تخمینہ لگایا تھا۔

آر بی آئی کے گورنر سنجے ملہوترا نے جمعہ کو یہاں موجودہ مالی سال کی دوسری دو ماہی مانیٹری پالیسی کمیٹی (ایم پی سی) کی تین روزہ جائزہ میٹنگ کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عالمی سپلائی چین میں خلل، اشیاء کی قیمتوں میں جھٹکا،مان سون کولیکر مسلسل غیر یقینی صورتحال اور ال نینو جیسے حالات سے مہنگائی کی شرح میں اضافے کا خطرہ ہے۔ جون کی مانیٹری پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے سنجے ملہوترا نے کہا کہ اس کی بڑی وجہ ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے خام مال کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔ مئی سے اب تک پٹرول کی خوردہ قیمتوں میں کل 7.4 فیصد اور ڈیزل کی قیمتوں میں 8.4 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ آر بی آئی گورنر نے کہا کہ کھانے پینے کی مہنگائی میں کچھ اضافہ ہوا ہے، وہیں مارچ اور اپریل میں پٹرول اور ڈیزل کی مستحکم قیمتوں کی وجہ سے ایندھن کی مہنگائی کنٹرول میں رہی۔

انہوں نے کہا کہ فروری میں 3.2فیصد سے معمولی اضافے کے باوجود، مجموعی طور پر خوردہ افراط زر مارچ اور اپریل میں ہدف سے کم رہی (بالترتیب 3.4فیصد اور 3.5فیصد)۔ مارچ تا اپریل کے دوران بنیادی افراط زر 3.7 فیصد پر مستحکم رہا۔ قیمتی دھاتوں کو چھوڑ کر، اسی مدت کے دوران بنیادی افراط زر مزید کم ہو کر 2.1سے2.2 فیصد رہ گیا۔ ملہوترا نے بتایا کہ اپریل-مئی 2026 کے دوران بین الاقوامی خام تیل کی قیمتیں (بھارت پر ایک بوجھ) اوسطاً 110ڈالر فی بیرل رہی۔ ایسے رجحان ہیں کہ مالی سال 2026سے2027میں اوسط قیمتیں پہلے کی تخمینہ شدہ سطحوں سے کافی زیادہ ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ توانائی کی بلند قیمتوں اور کئی خام مال کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے اپریل 2026 میں ہول سیل پرائس انڈیکس (ڈبلیو پی آئی) میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آیا۔ سہ ماہی بنیادوں پر، خوردہ افراط زر پہلی سہ ماہی میں 4.2 فیصد، دوسری میں 5.1 فیصد، تیسری سہ ماہی میں 5.9 فیصداورچوتھی میں 4.5 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ مالی سال 2026سے 2027 کے لیے مجموعی افراط زر کی شرح 4.7 فیصد رہنے کا امکان ہے۔ گورنر سنجے ملہوترا نے کہا کہ معمول سے کم جنوب مغربی مانسون اور ال نینو کی پیشن گوئی کی وجہ سے خوراک کی صورتحال غیر یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جبکہ افراط زر کے خطرات بڑھ گئے ہیں، مانیٹری پالیسی کمیٹی نے اپنے جائزہ اجلاس میں مزید وضاحت سامنے آنے تک انتظار کرنا مناسب سمجھا ہے۔

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی


 rajesh pande