
ہرمتاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپے مالی امداد دی جائے گیممبئی ، 5 جون (ہ س)۔ ریاستی حکومت نے مراٹھا ریزرویشن کے مطالبے کے سلسلے میں مختلف مقامات پر ہونے والی تحریکوں کے دوران جان گنوانے والے 34 افراد کے اہل خانہ کو مالی امداد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس مقصد کے لیے مجموعی طور پر 3 کروڑ 40 لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔ ہر متاثرہ خاندان کو 10 لاکھ روپے بطور مالی امداد دیے جائیں گے۔مہاراشٹر کے وزیر آبی وسائل اور مراٹھا ریزرویشن ذیلی کمیٹی کے سربراہ رادھا کرشن وکھے پاٹل نے جمعہ کو بتایا کہ مراٹھا رہنما منوج جارانگے نے تحریک کے دوران ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کو معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس سے تبادلۂ خیال کے بعد اس مطالبے کو منظوری دی گئی اور متاثرہ خاندانوں کو مالی مدد فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔وکھے پاٹل کے مطابق مراٹھا برادری کے مطالبات کے حق میں ریاست کے مختلف علاقوں میں ہونے والی تحریکوں کے دوران مجموعی طور پر 309 افراد کی اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ ان میں سے ابتدائی مرحلے میں 34 افراد کے خاندانوں کے لیے مالی امداد منظور کی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امداد حاصل کرنے والے خاندانوں میں ضلع بیڑ کے 15، دھاراشیو کے 5، پربھنی کے 4، ہنگولی کے 4، ناندیڑ کے 3، جالنہ کا 1، چھترپتی سمبھاجی نگر کا 1 اور لاتور کا 1 خاندان شامل ہے۔رادھا کرشن وکھے پاٹل نے کہا کہ تحریک کے دوران حکومت کی جانب سے جو وعدے کیے گئے تھے، انہیں مرحلہ وار پورا کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ذیلی کمیٹی کے اجلاس میں مراٹھا برادری کے مختلف مطالبات پر مثبت انداز میں غور کیا گیا اور ان پر جلد عمل درآمد کے لیے ضروری کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے