
غازی آباد، 5 جون (ہ س)۔ اترپردیش کے غازی آباد ضلع کی کھوڑا کالونی میں زیربحث سوریا قتل معاملہ کے بعد فرقہ وارانہ کشیدگی کے پیش نظر، جمعہ کی نماز کولیکر کھوڑا کو پولیس چھاونی میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ جمعہ کو 19 مساجد میں نماز کی ادائیگی کو یقینی بنانے کے لیے علاقے میں پولیس، پی اے سی، آر اے ایف، آر آر ایف کی بٹالین سمیت ایک ہزار پولیس اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ڈرون کیمروں سے پورے علاقے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اس خبر کے لکھے جانے تک نمازیں بحفاظت ادا کی جارہی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس دھول جیسوال نے بتایا کہ کھوڑا میں 19 مساجد اور چار مدارس ہیں۔ ان میں سے دو مدارس کو سیل کر دیا گیا ہے اور ایک پر نوٹس لگا دیا گیا ہے۔اس دوران، مقامی باشندوں نے سیکورٹی فورسز کے ساتھ تعاون کرنے اور پرامن نمازوں کے انعقاد کو یقینی بنانے کا عہد کیا ہے۔ سوریا قتل معاملہ کے بعد کچھ ہندو تنظیموں نے جمعہ کی نماز کی اجازت دینے کے خلاف وارننگ جاری کی ہے۔ اس کے جواب میں کھوڑا میں بڑی پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی