
جموں, 05 جون (ہ س)۔ ٹھاٹھری میں گزشتہ روز قبل اچانک سیلاب اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے بعد ڈپٹی کمشنر ڈوڈہ کرشن لال نے ٹھاٹھری کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیا۔
ڈپٹی کمشنر کے ہمراہ ایس ڈی ایم ٹھاٹھری شیتل شرما اور چیف پلاننگ آفیسر ڈوڈہ منیش کمار منہاس بھی موجود تھے۔اُنہوں نے مختلف متاثرہ مقامات کا معائنہ کیا اور سیلاب سے تباہ ہونے والے عوامی بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور رہائشی مکانات کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران کرشن لال نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی، ان کے مسائل سنے اور انہیں انتظامیہ کی جانب سے ہر ممکن امداد فراہم کرنے کا یقین دلایا۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو نقصانات کا فوری تخمینہ تیار کرنے اور متاثرین کو بروقت راحت پہنچانے کی ہدایت دی۔
ڈپٹی کمشنر نے ضروری خدمات کی جلد بحالی، متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کو تیز کرنے اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے انتظامی تیاریوں کو مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ اور متاثرین کی مدد کے لیے ضلعی انتظامیہ تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر