
جموں, 05 جون (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ضلع ریاسی کے مہور سب ڈویژن کے پہاڑی گاؤں باتھوئی میں جمعرات کی دیر رات بادل پھٹنے کے باعث اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس سے متعدد مکانات کو نقصان پہنچا اور گھروں میں پانی، کیچڑ اور ملبہ داخل ہوگیا۔حکام کے مطابق بادل پھٹنے کے بعد تیز رفتار پانی اور ملبے نے رہائشی علاقوں کا رخ کیا، جس کے نتیجے میں کئی گھروں میں سیلابی پانی داخل ہوگیا اور گھریلو سامان کو نقصان پہنچا۔ واقعے کے فوراً بعد انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور راحت و بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔ڈپٹی کمشنر ریاسی نے بتایا کہ بادل پھٹنے سے متعدد مکانات متاثر ہوئے ہیں جبکہ نقصانات کا تخمینہ لگانے کا عمل جاری ہے۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ضلع انتظامیہ سے رابطہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو فوری امداد اور ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ خوش قسمتی سے اس واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ تین روز کے دوران جموں خطے میں بادل پھٹنے کا یہ پانچواں واقعہ ہے۔ اس سے قبل ڈوڈہ، کشتواڑ اور پونچھ اضلاع میں بھی بادل پھٹنے اور اچانک سیلاب آنے کے واقعات پیش آئے تھے، جن سے سڑکوں کی آمدورفت متاثر ہوئی تھی۔
ادھر مسلسل بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور پتھر گرنے کے خدشات کے پیش نظر ضلع کشتواڑ میں جمعہ کو بیشتر سرکاری و نجی تعلیمی ادارے بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا۔ تاہم کشتواڑ شہر کی حدود میں واقع اسکولوں کو اس حکم سے مستثنیٰ رکھا گیا۔حکام نے عوام سے محتاط رہنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ انتظامیہ سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ انتظامیہ کے مطابق متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں اور مجموعی صورتحال قابو میں ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر