
گڈچرولی، 5 جون (ہ س)۔ گڈچرولی ضلع کے ملچیرا تعلقہ کے لگام چیک علاقے میں ایک معمولی گھریلو تنازعہ خونریز واقعے میں تبدیل ہو گیا، جہاں شراب کے نشے میں دھت ایک شخص نے اپنے ہی والد کو قتل کر دیا۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی ہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق 61 سالہ نارائن آشا ٹیکام مزدوری کرکے گزر بسر کرتے تھے۔ 4 جون 2026 کی رات تقریباً 10 بجے سے 11.50 بجے کے درمیان ان کا بڑا بیٹا وجے نارائن ٹیکام (40 سال) شراب کے نشے میں گھر پہنچا۔گھر پہنچنے کے بعد اس نے اپنے والد کے ساتھ جھگڑا شروع کر دیا۔ بحث و تکرار بڑھنے پر ملزم نے گھر میں موجود لکڑی کے ڈنڈے سے والد کے سر اور چہرے پر پے در پے وار کیے۔ شدید زخمی ہونے کے باعث نارائن ٹیکام موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ اس معاملے میں مقتول کے بھائی تلشی رام آشا ٹیکام نے 5 جون کو اہیری پولیس تھانے میں شکایت درج کرائی۔ شکایت کی بنیاد پر پولیس نے وجے نارائن ٹیکام کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) 2023 کی دفعہ 103(1) کے تحت قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق جائے وقوعہ اہیری پولیس تھانے سے تقریباً 25 کلومیٹر دور واقع ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا اور مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔اہیری پولیس تھانے کے انچارج پولیس انسپکٹر ہرشل ایکرے کی نگرانی میں اس مقدمے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے