
مزدور کی موت کے معاملے میں سائٹ انچارج کے خلاف مقدمہ درج
نوئیڈا، 5 جون (ہ س)۔ اتر پردیش کے نوئیڈا میں جمعرات کی شام کو آنے والی تیز آندھی طوفان کے باعث تھانہ سورج پور علاقے میں ایک زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار گرنے سے زخمی ہونے والے شخص کی موت کے معاملے میں، متوفی کے بیٹے نے سائٹ انچارج کے خلاف لاپرواہی کا الزام لگا کر مقدمہ درج کرایا ہے۔
تھانہ سورج پور کے انچارج انسپکٹر ونود کمار نے بتایا کہ آکاش ولد رنجیت نے گزشتہ رات تھانے میں رپورٹ درج کرائی ہے کہ وہ ضلع مونگیر، بہار کے رہنے والے ہیں۔ ان کے والد رنجیت تھانہ سورج پور علاقے میں واقع ایک زیرِ تعمیر عمارت میں جمعرات کی شام کام کر رہے تھے، اسی دوران وہاں آنے والی تیز آندھی طوفان کی وجہ سے زیرِ تعمیر عمارت کی دیوار گر گئی اور ان کے والد کو شدید چوٹیں آئیں۔ اس واقعے میں ان کے والد کی موت ہو گئی۔
متوفی کے بیٹے نے الزام لگایا ہے کہ سائٹ انچارج علی اکبر کی لاپرواہی کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔ تھانہ انچارج نے بتایا کہ اس معاملے میں متاثرہ کی شکایت پر واقعے کی رپورٹ درج کر کے پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
--------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن