
تلنگانہ جہدکاروں کے انتخاب کیلئے کل جماعتی اجلاسحیدرآباد، 5 جون (ہ س)۔
تلنگانہ تحریک کے جہد کاروں کے انتخاب کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تشکیل شدہ اعلیٰ اختیاری کمیٹی کا اجلاس ڈاکٹرکے کیشوراؤکی صدارت میں منعقد ہوا۔وزیرٹرانسپورٹ پونم پربھاکر،رکن قانون سازکونسل پروفیسر کودنڈا رام،رکن قانون سازکونسل ادنکی دیاکر،سابق ایم ایل سی راملونائک اورایم شوبھن ریڈی کمیٹی کے ارکان ہیں۔ کمیٹی کی جانب سے آج پہلا کل جماعتی اجلاس طلب کیا گیا جس میں علیحدہ تلنگانہ سے متعلق 3 تحریکات میں سرگرمی سے حصہ لینے والے جہدکاروں کے انتخاب کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں کانگریس، بی جے پی، بی آرایس،سی پی آئی، تیلگودیشم، تلنگانہ جناسمیتی،عام آدمی پارٹی، سی پی آئی(ایم ایل) نیو ڈیموکریسی اورسی پی آئی(ایم ایل)ماس لائن کے نمائندوں نے شرکت کی۔ ڈاکٹرکیشوراؤ نے اجلاس کوبتایا کہ حکومت سیاسی وابستگی سے بالاترہوکرجہدکاروں کا انتخاب کرنا چاہتی ہے تاکہ اُنھیں مناسب طورپرتہنیت پیش کی جائے۔ اُنھوں نے کہاکہ مختلف زمرہ جات کے تحت جہدکاروں کےلئےعلیحدہ گائیڈ لائنس کوقطعیت دی جائے گی۔ سیاسی پارٹیوں سے وابستہ افراد کے علاوہ سرکاری ملازمین، طلبہ،صحافیوں،ایڈوکیٹس اوردیگر شعبہ جات سے وابستہ افراد کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ تلنگانہ تحریک کے دوران مقدمات اورمالی نقصانات کاسامناکرنے والے افراد کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ کیشوراؤنے کہاکہ فنکاروں، آرٹسٹ اورتفریحی شعبہ سے وابستہ جہدکاروں کوبھی اعزازعطا کیا جائے گا۔ شہیدان تلنگانہ کی یادگار سے متصل عمارت میں کمیٹی کا دفتر قائم کیا جارہا ہے جہاں سماج کے مختلف طبقات سے تجاویز حاصل کی جائیں گی۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر کیشو راؤ نے کہاکہ تلنگانہ حکومت جہدکاروں کو تہنیت پیش کرنے کے معاملہ میں وسیع ذہن رکھتی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دوسرے مرحلہ میں غیر مسلمہ سیاسی پارٹیوں کے علاوہ مختلف طبقات کی تنظیموں کے نمائندوں کو مدعو کیا جائے گا۔۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق