
ممبئی، 5 جون (ہ س)۔ مہاراشٹر کے شہر پونے کے کھانڈوے نگر علاقے میں واقع فارچیون سٹی عمارت میں جمعہ کی صبح تقریباً 9:30 بجے رسوئی گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجے میں آگ لگ گئی، جس کے باعث ایک شخص کی موت ہو گئی جبکہ دو افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کا علاج سسون اسپتال میں جاری ہے۔پولیس کے مطابق کھانڈوے نگر میں واقع فارچیون سٹی عمارت کی پہلی منزل پر آگ لگنے کی اطلاع موصول ہونے کے بعد کھراڑی، دھنوری اور یروڈا سے فائربریگیڈ کی تین گاڑیاں فوری طور پر موقع پر پہنچیں اور آگ پر قابو پا لیا۔ اس حادثے میں 60 سالہ وشنو گیتے جھلسنے کے باعث ہلاک ہو گئے، جبکہ دیونیکا وشنو گیتے (50) اور پانڈورنگ وشنو گیتے (35) شدید زخمی ہو گئے۔ دونوں زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ابتدائی جانچ میں معلوم ہوا ہے کہ گھر میں استعمال ہونے والا رسوئی گیس سلنڈر ختم ہونے کے بعد نیا سلنڈر جوڑتے وقت اس میں گیس کا اخراج شروع ہو گیا۔ اسی دوران سلنڈر پھٹ گیا، جس کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی اور دیکھتے ہی دیکھتے فلیٹ کے مختلف حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث فلیٹ کا ہال مکمل طور پر جل کر تباہ ہو گیا۔ فرنیچر، ٹیلی ویژن، برقی وائرنگ، غسل خانے اور بیت الخلا کے دروازے، گیزر سمیت متعدد اشیا کو شدید نقصان پہنچا۔ باورچی خانے میں موجود ریفریجریٹر اور دیگر سامان بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔پولیس اور متعلقہ حکام واقعے کی تفصیلی جانچ میں مصروف ہیں تاکہ حادثے کی مکمل وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے