
لکھنو، 4 جون (ہ س)۔ وارانسی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے کہا کہ پورے اترپردیش میں مجرمانہ واقعات اپنے عروج پر ہیں۔ امن و امان مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ ہر طرف انتشار کا ماحول ہے۔ بی جے پی حکومت عوام کو تحفظ فراہم کرنے میں پوری طرح ناکام رہی ہے۔ غازی پور میں ونیت رائے کا قتل، بھدوہی اور وارانسی میں قتل کے حالیہ واقعات اس کے شاہد ہیں۔ متاثرین کو انصاف نہیں مل رہا۔ قتل میں ملوث شوٹر پکڑے نہیں جا رہے۔ کانگریس قائدین پر دباو ڈالنے کے لیے جعلی اے آئی سے تیار کردہ کلپس بنائے جارہے ہیں اور جھوٹے مقدمات درج کرکے آواز کو دبانے کے لیے مکروہ حربے استعمال کیے جارہے ہیں۔
کانگریس کے ریاستی صدر اجے رائے نے کہا کہ بی جے پی کے ارکان کھلے عام گالیاں دے رہے ہیں۔ ان کے خلاف کوئی قانونی کارروائی نہیں ہو رہی۔ بی جے پی حکومت ان کو جتنی بھی دبانے کی کوشش کرے، کانگریس کا ایک بھی سپاہی نہیں جھکے گا اور نہ رکے گا۔ عوام کے حقوق کی جنگ اور تمام جبر کے خلاف کانگریس پارٹی کے ہر کارکن کی نڈر آواز بلند ہوتی رہے گی۔ پریس کانفرنس میں ترجمان سنجیو سنگھ، وارانسی کانگریس کے ضلع صدر راجیشور سنگھ پٹیل کے علاوہ سینئر عہدیدار اور کارکنان موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی