
حیدرآباد ، 4 جون (ہ س) ۔ گورنمنٹ سٹی ماڈل اسکول چادرگھاٹ (چارمینارزون) میں چارمینارزون کے اردو تلگواورانگلش میڈیم کے سرکاری پرائمری وہائی اسکولس کے ہیڈ ماسٹرزاوراساتذہ میں اول تا دہم جماعت کے طلبہ وطالبات میں تقسیم کے لیے درسی کتب حوالے کیے گئے ۔ اے چندرشیکھرڈپٹی انسپکٹرآف اسکولس چارمینار1 نے تمام ہیڈ ماسٹرس اوراساتذہ سے کہا کہ جاریہ نئے تعلیمی سال کا آغازہوتے ہی طلبہ وطالبات میں نصابی کتب تقسیم کردیے جائیں اورطلباء طالبات کواپنی نصابی کتابوں وکاپیوں کو ہمیشہ صاف ستھرا رکھنے اور کورچڑھا کررکھنے کی تلقین کی جائے۔ انہوں نے ہیڈ ماسٹرس اوراساتذہ سے خواہش کی کہ وہ سرکاری مدارس میں طلبہ وطالبات کے زیادہ سے زیادہ داخلوں کوممکن بنانے کی ہرممکن کوشش کریں سرکاری مدارس میں طلبہ و طالبات کے داخلوں اورعوامی شعوربیداری کی غرض سے ساری ریاست تلنگانہ میں 14مئی سے بڈی باٹاپروگرام کا آغازہوچکا ہے جو 19- جون تک جاری رہے گا۔ انہوں نے اساتذہ کی خدمات کوخراج تحسین پیش کرتے ہوئے ہیڈ ماسٹرس اوراساتذہ سے کہا کہ وہ والدین اورسرپرستوں کوسرکاری مدارس میں حکومت کی جانب سے دی جانے والی سہولیات سے واقف کروائیں اورانہیں بتایا جائے کہ سرکاری مدارس میں داخلے مفت ہونے کے ساتھ ساتھ درسی کتابیں، کاپیاں، یونیفارم اوردوپہرکے کھانے کا بھی مفت انتظام ہے ۔انہوں نے سرکاری مدارس میں ایس ایس سی کے حالیہ حوصلہ افزا نتائج پر بھی اظہار مسرت کرتے ہوئے تمام صدور مدارس اساتذہ طلبہ و طالبات اور والدین کو دلی مبارکباد دی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق