
تلنگانہ میں خصوصی رعایت، 91 عمر قید قیدیوں کو رہائیحیدرآباد، 4 جون (ہ س)۔ تلنگانہ کے محکمۂ جیل و اصلاحی خدمات نے ریاستی حکومت کی جانب سے اصلاحی اوربازآباد کاری اقدامات کے تحت دی گئی خصوصی معافی کے نتیجے میں 91 عمرقید کے قیدیوں کورہا کردیا۔ رہا کیے گئے قیدیوں میں 85 مرد اور6 خواتین شامل ہیں جوحکومت کی جانب سے مقررکردہ معافی کے رہنما اصولوں کے مطابق رہائی کے اہل قرارپائے تھے۔ محکمۂ جیل کی جانب سے قیدیوں کی سماجی بحالی اورانہیں معاشرے کا مفید رکن بنانے کے لیے مختلف اقدامات بھی کیے گئے ہیں۔ اس سلسلے میں رہا ہونے والے38 قیدیوں کوایندھن کی ریٹیل دکانوں اورمتعلقہ شعبوں میں روزگارکے مواقع فراہم کیے گئے ہیں تاکہ وہ باعزت زندگی گزارسکیں اوردوبارہ جرائم کی طرف نہ لوٹیں۔ دوسری جانب باقی 53 قیدیوں نے رہائی کے بعدخود روزگار،زراعت، خاندانی کاروباراوردیگرپیشوں کواختیارکرنے کی خواہش ظاہر کی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ان افراد کوبھی مناسب رہنمائی اورمعاونت فراہم کی جائے گی تاکہ وہ اپنی نئی زندگی کامیابی کے ساتھ شروع کرسکیں۔ خواتین قیدیوں کی بازآبادکاری کے لیے ایک خصوصی اقدام کے تحت جیل ترقیاتی فنڈ کے ذریعے چلائی جانے والی خود روزگارمعاونتی اسکیم کے تحت چارخواتین قیدیوں کوسلائی مشینیں فراہم کی گئیں۔ اس اقدام کا مقصد انہیں مالی طورپرخود کفیل بنانااورباعزت روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پرمحکمۂ جیل واصلاحی خدمات کی ڈائریکٹرجنرل ڈاکٹرسومیا مشرانے کہا کہ یہ رہائی محض قید سے آزادی نہیں بلکہ ذمہ داری، وقاراورامید پرمبنی ایک نئی زندگی کا آغازہے۔ انہوں نے کہا کہ اصلاحی نظام کا مقصد صرف سزادینا نہیں بلکہ افراد کوبہترشہری بنانا اور انہیں معاشرے میں دوبارہ باعزت مقام دلانا بھی ہے۔ ان کے مطابق حکومت اورمحکمۂ جیل اس بات کے لیےپُرعزم ہیں کہ رہا ہونے والے افراد کومعاشرے میں مثبت کردارادا کرنے کے لیے ہرممکن مدد فراہم کی جائے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق