
ممبئی ، 4 جون (ہ س)۔ شیوسینا (شندے گروپ) کے رکن اسمبلی عبدالستار نے وزیراعلیٰ دیویندر فڑنویس سے ملاقات کے بعد واضح کیا ہے کہ ان کی ناراضی دور ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ مقامی سطح پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی وجہ سے جو مشکلات پیدا ہوئی تھیں، وہ آئندہ دوبارہ پیش نہیں آئیں گی۔
عبدالستار نے کہا کہ اگر انہیں کسی بھی قسم کی دشواری کا سامنا کرنا پڑا تو نائب وزیراعلیٰ ایکناتھ شندے ان کی بات سنیں گے اور اگر ان کی جانب سے کوئی غلطی ہوئی ہے تو اسے بھی درست کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی بعض شکایات اور تحفظات انہوں نے وزیراعلیٰ کے سامنے رکھے ہیں، جس کے بعد انہیں مثبت یقین دہانی حاصل ہوئی ہے۔
قانون ساز کونسل کے انتخابات میں مہایوتی کے تال میل کے حوالے سے عبدالستار نے کہا کہ ضلع اورنگ آباد میں ان کے اتحاد کے چھ ارکان اسمبلی اور ایک رکن پارلیمنٹ موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ اس بات پر خصوصی توجہ دی جائے گی کہ مہایوتی کے تمام اتحادی کس طرح مشترکہ طور پر بہتر انداز میں کام کر سکتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ کی یقین دہانی کے بعد غلط فہمیاں دور ہو گئی ہیں اور اتحاد کے اندر باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی کوشش کی جائے گی۔ عبدالستار نے یہ بھی اعلان کیا کہ اورنگ آباد نشست سے ان کے بیٹے سمیر ستار اپنی نامزدگی واپس لے لیں گے۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے