ٹی سی ایس معاملہ: ندا خان، امتیاز جلیل کی رشتہ دار نہیں، متین پٹیل کا دعویٰ
ندا خان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پررہائش دی گئی، وضاحتاورنگ آباد، 4 جون (ہ س)۔ ناسک کے ٹی سی ایس معاملے میں ملزمہ ندا خان کو پناہ دینے کے الزام کے بعد ایم آئی ایم کے کارپوریٹرمتین پٹیل مشکلات میں گھرگئے ہیں۔ اسی دوران شندے سینا کے بعض مقامی عہد
ٹی سی ایس معاملہ: ندا خان، امتیاز جلیل کی رشتہ دار نہیں، متین پٹیل کا دعویٰ


ندا خان کو انسانی ہمدردی کی بنیاد پررہائش دی گئی، وضاحتاورنگ آباد، 4 جون (ہ س)۔ ناسک کے ٹی سی ایس معاملے میں ملزمہ ندا خان کو پناہ دینے کے الزام کے بعد ایم آئی ایم کے کارپوریٹرمتین پٹیل مشکلات میں گھرگئے ہیں۔ اسی دوران شندے سینا کے بعض مقامی عہدیداروں نے الزام عائد کیا تھا کہ ندا خان سابق رکن پارلیمنٹ امتیاز جلیل کی رشتہ دار ہیں، تاہم متین پٹیل نے اس دعوے کو یکسر مسترد کر دیا ہے۔

اس معاملے میں ناسک کی خصوصی تحقیقاتی ٹیم (ایس آئی ٹی) متین پٹیل سے دو سے تین مرتبہ پوچھ گچھ کر چکی ہے۔ انہوں نے تفتیشی حکام کو بتایا کہ ان کی ندا خان سے ملاقات کیسے ہوئی اوروہ انہیں کس طرح جانتے تھے۔ ساتھ ہی انہوں نے مخالفین کی جانب سے کی جانے والی تنقید کا بھی جواب دیا۔متین پٹیل نے کہا کہ انہوں نے پولیس سے درخواست کی تھی کہ امتیاز جلیل سے رابطہ کرایا جائے، لیکن امتیاز جلیل کواس معاملے کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں۔ انہوں نے کہا کہ امتیاز جلیل ان کے سیاسی رہنما ہیں اوراگرانہیں کبھی کوئی مسئلہ درپیش ہو تو وہ ان سے رابطہ کرتے ہیں، تاہم اس کیس میں امتیاز جلیل کا کوئی تعلق نہیں ہے۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ ندا خان امتیاز جلیل کی رشتہ دار نہیں ہیں اورجو کوئی ایسا دعویٰ کررہا ہے وہ جھوٹ بول رہا ہے۔ متین پٹیل کے مطابق امتیاز جلیل کا اس معاملے سے کسی بھی طرح کا کوئی واسطہ نہیں ہے۔متین پٹیل نے یہ بھی کہا کہ ضلع کے نگران وزیر کو امتیاز جلیل سے خاص 'لگاؤ' ہے، اسی لیے وہ بار بار ان کا نام لے رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جس وقت ندا خان ان کے فراہم کردہ مکان میں مقیم تھیں، اس دوران امتیاز جلیل سے ان کی کوئی بات چیت نہیں ہوئی اورنہ ہی دونوں کے درمیان کوئی فون کال ہوئی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان کے موبائل فون میں تمام ریکارڈ موجود ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہیں کہ امتیاز جلیل کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔متین پٹیل نے مزید بتایا کہ وہ اس سے قبل کبھی ندا خان سے نہیں ملے تھے۔ ان کے مطابق ندا خان کے والدین نے ان سے ملاقات کر کے دو سے تین دن کے لیے رہائش فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ندا خان حاملہ تھیں اور بعض تنازعات کے باعث انہیں عارضی طور پر رہنے کے لیے مکان درکار تھا، جس پر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر انہیں رہائش فراہم کی گئی۔ ایم آئی ایم کارپوریٹر نے کہا کہ انہوں نے کوئی غلط کام نہیں کیا، اسی لیے وہ اس معاملے میں عدالت میں قانونی لڑائی لڑیں گے اور اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / جاوید این اے


 rajesh pande