
نئی دہلی، 4 جون (ہ س)۔ پنجاب نے اسکولی تعلیم کے میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیتی آیوگ کی طرف سے جاری کردہ تعلیمی معیار کی رپورٹ میں ملک میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ عام آدمی پارٹی (آپ ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا اور اسے تعلیم کے شعبے میں ایک بڑی تبدیلی قرار دیا۔
اروند کیجریوال نے جمعرات کو ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب جو کبھی سرکاری اسکولی تعلیم کے معاملے میں ملک میں 27 ویں نمبر پر تھا، اب ملک میں پہلی پوزیشن پر پہنچ گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب نے کیرالہ جیسی ریاستوں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے جو طویل عرصے سے تعلیم میں سب سے آگے تھی۔
کیجریوال نے کہا کہ دہلی میں تعلیمی انقلاب لانے کے بعد عام آدمی پارٹی نے پنجاب کے سرکاری اسکولوں میں بھی جامع اصلاحات لانے کا وعدہ کیا تھا، جس کے مثبت نتائج اب نظر آرہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت تمام بچوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے کے لیے مسلسل کوشاں ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیتی آیوگ کی تعلیمی معیار کی رپورٹ کے مطابق پنجاب نے اسکولی تعلیم کے میدان میں دہلی، مہاراشٹرا اور کیرالہ جیسی ریاستوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ 2016-17 میں پنجاب تعلیمی میدان میں 22 ویں نمبر پر تھا۔ اس کے بعد، ریاست 2018-19 میں 26 ویں اور 2020 میں 27 ویں نمبر پر پہنچ گئی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد