
جموں, 04 جون (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے محکمہ بجلی (پی ڈی ڈی) نے وزیراعظم کی فلیگ شپ اسکیم پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے تحت ایک اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے مئی 2026 کے دوران روف ٹاپ سولر درخواستوں، تنصیبات اور معائنوں کے شعبے میں ملک بھر میں دوسرا مقام حاصل کیا ہے۔
یہ اعزاز نئی دہلی میں منعقدہ پی ایم سوریہ گھر مفت بجلی یوجنا کے دو سال کے قومی پروگرام کے دوران وزارتِ ایم این آر ای کی جانب سے دیا گیا۔ جموں و کشمیر کی جانب سے یہ ایوارڈ کشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) کے منیجنگ ڈائریکر محمود احمد شاہ نے وصول کیا۔
محکمہ بجلی کے مطابق یہ کامیابی پی ڈی ڈی، کے پی ڈی سی ایل، جے پی ڈی سی ایل، ضلعی انتظامیہ، فیلڈ عملے، رجسٹرڈ وینڈرز اور صارفین کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے۔
حکومت ہند کی اس اسکیم کا مقصد اپریل 2024 سے مارچ 2027 تک ملک بھر کے ایک کروڑ گھروں میں روف ٹاپ سولر سسٹمز نصب کرنا ہے۔ جموں و کشمیر میں جولائی 2024 سے عملی طور پر شروع ہونے والی اس اسکیم کے تحت اب تک 98,601 درخواستیں قومی پورٹل پر درج کی جا چکی ہیں، جن میں 29,402 جموں خطے اور 69,184 کشمیر خطے سے موصول ہوئی ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک جموں و کشمیر میں 33,987 روف ٹاپ سولر سسٹمز نصب کیے جا چکے ہیں، جن میں جموں خطے میں 12,730 اور کشمیر خطے میں 21,255 تنصیبات شامل ہیں۔ ان منصوبوں سے مجموعی طور پر 121.61 میگاواٹ قابلِ تجدید توانائی کی پیداواری صلاحیت میں اضافہ ہوا ہے۔
اسکیم کے تحت جموں و کشمیر کے مستفیدین کو اب تک 258.18 کروڑ روپے کی مرکزی سبسڈی جبکہ 10 کروڑ روپے کی یو ٹی سبسڈی فراہم کی جا چکی ہے۔ جے اینڈ کے بینک اس اسکیم کے لیے سب سے بڑا مالیاتی ادارہ بن کر سامنے آیا ہے، جہاں موصول ہونے والی 45,321 قرض درخواستوں میں سے 27,075 منظور یا جاری کی جا چکی ہیں۔
محکمہ کے مطابق مئی 2026 کے دوران 4,559 نئی درخواستیں موصول ہوئیں، 2,579 نئے روف ٹاپ سولر سسٹمز نصب کیے گئے جبکہ 2,688 معائنے مکمل کیے گئے۔ گزشتہ سال مئی 2025 کے مقابلے میں روف ٹاپ سولر تنصیبات میں 77 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو عوام میں قابلِ تجدید توانائی کے بڑھتے رجحان کی عکاسی کرتا ہے۔
محکمہ بجلی نے اس کامیابی پر وزارتِ نئی و قابلِ تجدید توانائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ صاف، سستی اور پائیدار توانائی کے فروغ اور پی ایم سوریہ گھر: مفت بجلی یوجنا کے مؤثر نفاذ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر