
نئی دہلی، 04 جون (ہ س)۔ مرکزی پٹرولیم اور قدرتی گیس کے وزیر ہردیپ سنگھ پوری نے جمعرات کو کہا کہ مغربی ایشیا کے بحران اور عالمی جغرافیائی سیاسی انتشار کے باوجود، ہندوستان میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت معمولی رہا ہے۔
پیٹرولیم اور قدرتی گیس کے مرکزی وزیر نے یہ بیان نئی دہلی میں ماروتی سوزوکی کے ذریعہ تیار کردہ ہندوستان کی پہلی فلیکس -فیول مسافر گاڑی کی لانچ کے موقع پر اپنے خطاب کے دوران دیا۔ انہوں نے کہا کہ اس سے ’’ آتم نربھر بھارت‘‘ کے وژن کو مزید تقویت ملے گی۔ اس تقریب میں مرکزی وزیر برائے روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز نتن گڈکری بھی موجود تھے۔
ہردیپ سنگھ پوری نے پورے ملک میں فلیکس- فیول گاڑیوں اور ایتھنول کے بنیادی ڈھانچے کو نافذ کرنے کے لیے ایک حوصلہ مند روڈ میپ کی نقاب کشائی کی۔ پیٹرولیم وزیر نے کہا کہ مسافر گاڑیوں کے زمرے میں فلیکس- فیول ٹیکنالوجی کا داخلہ صرف ایک پروڈکٹ لانچ نہیں ہے بلکہ ہندوستان کی توانائی کی منتقلی کے ایک نئے باب کا آغاز بھی ہے۔ فلیکس- فیول والی گاڑیاں ایتھنول اور پیٹرول کے مختلف مرکبات پر چل سکتی ہیں،جن کی رینج ای 20 سے ای 100 تک ہوتی ۔
وزیر پٹرولیم نے نشاندہی کی کہ ہندوستان کے پاس تقریباً 37 لاکھ پیسنجر وہیکل ہیں، جو ہندوستان کے متوسط طبقے کی امنگوں اور ذاتی نقل و حرکت کے مستقبل کی عکاسی کرتی ہیں۔ اس طبقہ میں فلیکس-فیول ٹیکنالوجی کو وسیع پیمانے پر اپنانے سے ایتھنول پر مبنی نقل و حرکت کے اثرات میں نمایاں اضافہ ہو سکتا ہے۔ پوری نے کہا کہ مغربی ایشیا کے بحران کے باوجود، ہندوستان نے 90 دنوں سے زائد عرصے سے ایندھن کی سپلائی کو معمول کے قریب رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کی تقریباً 90 فیصد خام تیل کی درآمد آبنائے ہرمز سے ہوتی ہے۔
مرکزی وزیر نے کہا کہ 28 فروری کو مغربی ایشیا میں تنازعہ شروع ہونے سے پہلے، ہندوستان کی تقریباً 60 فیصد ایل پی جی درآمد آبنائے ہرمز سے ہوتی تھی۔ انہوں نے کہا کہ 1.4 ارب لوگوں کی آبادی اور توانائی کی مانگ میں عالمی اوسط سے تین گنا اضافہ کے ساتھ، ہندوستان نے پورے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل دستیابی کو یقینی بنایا۔وزیر موصوف نے کہا’’ملک میں کہیں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی کوئی کمی نہیں ہوئی۔ لوگ سڑک اور ہوائی راستے سے معمول کے مطابق سفر کرتے رہے۔ عالمی رکاوٹوں کے باوجود، ہندوستان نے حالات تقریباً معمول کے قریب ہی برقرار رکھا‘‘۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد