
بھوپال، 4 جون (ہ س)۔
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال شہر میں پانی کی وافر دستیابی کے باوجود کولار پروجیکٹ کی اہم پائپ لائن میں لیکیج کی وجہ سے 75 سے زیادہ علاقوں میں پینے کے پانی کا بحران گہرا گیا ہے۔
پچھلے تین دنوں سے پائپ لائن کی مرمت کا کام چل رہا ہے، جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں پانی کی باقاعدہ سپلائی بند ہے۔ میونسپل کارپوریشن کی جانب سے ٹینکروں کے ذریعے پانی پہنچایا جا رہا ہے، لیکن مناسب سپلائی نہیں ہونے کی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جمعرات کو بانس کھیڑی علاقے کا معائنہ کرنے پہنچیں میونسپل کارپوریشن کمشنر سنسکرتی جین کے سامنے مقامی رہائشیوں نے اپنے مسائل رکھے۔ لوگوں نے بتایا کہ کئی علاقوں میں پانی کی شدید قلت ہے اور ٹینکروں سے ملنے والا پانی ضرورت کے مقابلے کافی نہیں ہے۔
معلومات کے مطابق، کولار پروجیکٹ کی 1,650 ایم ایم قطر کی گریویٹی پائپ لائن میں لیکیج آنے کے بعد مرمت کا کام جاری ہے۔ اس کی وجہ سے کولار لائن سے جڑے تلسی نگر، شیواجی نگر، جے پی اسپتال علاقے سمیت کئی علاقوں میں پانی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ میونسپل کارپوریشن نے متبادل انتظام کے تحت ٹینکروں سے پانی پہنچانا شروع کیا ہے، لیکن کئی مقامات پر مانگ کے مطابق سپلائی نہیں ہو پا رہی ہے۔ ایسے میں کچھ خاندان نجی ٹینکروں اور دیگر ذرائع سے پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔
معائنے کے دوران مقامی شہریوں اور عوامی نمائندوں نے کمشنر کو پانی کی سپلائی کے نظام میں آنے والی مشکلات سے واقف کرایا۔ کولار علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ پائپ لائن میں بار بار آنے والے تکنیکی مسائل اور مرمت کے کاموں کی وجہ سے انہیں باقاعدگی سے پانی کے بحران کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ مقامی عوامی نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ اس مسئلے کے مستقل حل کے لیے موثر اقدامات کیے جائیں اور مرمت کا کام پورا ہونے تک متاثرہ علاقوں میں ٹینکروں کی تعداد بڑھائی جائے، تاکہ لوگوں کو راحت مل سکے۔
پانی کی سپلائی متاثر ہونے کی وجہ سے متاثرہ کالونیوں میں ٹینکر پہنچتے ہی پانی بھرنے کے لیے لوگوں کی بھیڑ جمع ہو رہی ہے۔ کئی مقامات پر رہائشی گھنٹوں انتظار کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں پانی کی کمی سے روزمرہ کی زندگی متاثر ہو رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن