راجوری کے گھنے جنگلات میں دہشت گردوں کی تلاش مہم 13 ویں روز بھی جاری
جموں،04 جون (ہ س)۔ ضلع راجوری کی منجاکوٹ تحصیل کے ڈوری مال جنگلاتی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی جانب سے جاری وسیع پیمانے پر تلاشی مہم جمعرات کو مسلسل 13ویں روز بھی جاری رہی۔ فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر
Terrorist


جموں،04 جون (ہ س)۔

ضلع راجوری کی منجاکوٹ تحصیل کے ڈوری مال جنگلاتی علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کے خدشے کے پیش نظر سیکورٹی فورسز کی جانب سے جاری وسیع پیمانے پر تلاشی مہم جمعرات کو مسلسل 13ویں روز بھی جاری رہی۔ فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کے مشترکہ دستے گھنے جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں سرچ آپریشن چلا رہے ہیں، تاہم اب تک دہشت گردوں کا کوئی ٹھوس سراغ نہیں مل سکا ہے۔ذرائع کے مطابق سیکورٹی ایجنسیوں نے پورے علاقے کو مختلف حصوں میں تقسیم کرکے تلاشی مہم تیز کر دی ہے۔ جنگل کے اندر ممکنہ ٹھکانوں، قدرتی غاروں، پہاڑی دروں اور مشتبہ مقامات کی باریک بینی سے جانچ کی جا رہی ہے۔

دہشت گردوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

اطلاعات کے مطابق فوج کی جانب سے ہیلی کاپٹروں کی مدد سے فضائی نگرانی بھی کی جا رہی ہے جبکہ ڈرون کیمروں کے ذریعے گھنے جنگلات کی مسلسل نگرانی رکھی جا رہی ہے۔ سرچ آپریشن میں تربیت یافتہ کھوجی کتوں کو بھی شامل کیا گیا ہے تاکہ مشتبہ راستوں اور ممکنہ پناہ گاہوں کا پتہ لگایا جا سکے۔

علاقے میں شدید بارش اور خراب موسم کے باوجود سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں بلا تعطل جاری ہیں۔ پھسلن بھرے راستوں اور دشوار جغرافیائی حالات کے باوجود اہلکار پوری مستعدی کے ساتھ جنگلات میں تلاشی مہم انجام دے رہے ہیں۔

سرچ آپریشن کے دوران ایک فوجی جوان حادثاتی طور پر گولی چل جانے سے معمولی زخمی ہو گیا۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر فوجی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔

ڈوری مال کا علاقہ گھنے جنگلات، بلند پہاڑیوں اور مشکل زمینی حالات کی وجہ سے سیکورٹی فورسز کے لیے ایک بڑا چیلنج سمجھا جاتا ہے۔ اس کے باوجود فوج، پولیس اور سی آر پی ایف کے اہلکار مسلسل علاقے میں تعینات ہیں اور آپریشن کی نگرانی اعلیٰ افسران کی جانب سے کی جا رہی ہے۔سیکورٹی ایجنسیوں نے علاقے کے مختلف مقامات پر سخت ناکہ بندی بھی کر رکھی ہے تاکہ کسی بھی مشتبہ شخص کی نقل و حرکت کو فوری طور پر روکا جا سکے۔ قریبی دیہات اور رابطہ سڑکوں پر بھی نگرانی بڑھا دی گئی ہے۔حکام نے مقامی لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع فوراً پولیس یا انتظامیہ کو دیں۔ سیکورٹی ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ علاقے کی مکمل تلاشی اور اطمینان بخش جانچ مکمل ہونے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande