
ممبئی ، 04 جون (ہ س)۔ ممبئی کے مضافاتی علاقے مالاڈ میں پشپا پارک کے قریب ویسٹرن ایکسپریس ہائی وے پر جمعرات کی صبح بیسٹ کی ایک بے قابو بس کی زد میں آ کر 50 سالہ شخص کی موت ہو گئی، جبکہ حادثے میں کئی دیگر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔ اس معاملے کی تحقیقات کورار پولیس اسٹیشن کی ٹیم کر رہی ہے۔پولیس کے مطابق بیسٹ کی روٹ نمبر 440 پر چلنے والی اور وڈالا ڈپو سے منسلک بس اپنا مقررہ چکر مکمل کرنے کے بعد واپس ڈپو جا رہی تھی۔ اسی دوران پشپا پارک علاقے میں بس ڈرائیور کا گاڑی پر قابو ختم ہو گیا، جس کے نتیجے میں بس بے قابو ہو کر سڑک پر موجود متعدد گاڑیوں سے ٹکرا گئی۔
اس حادثے کے دوران ایک کار کے ڈرائیور رام چندر نرہو پال (50) بس کی زد میں آ گئے اور شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں فوری طور پر علاج کے لیے شتابدی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹروں نے معائنے کے بعد انہیں مردہ قرار دے دیا۔حادثے کے بعد کورار پولیس نے بس ڈرائیور کو تحویل میں لے لیا ہے اور واقعے کی مختلف زاویوں سے تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حادثے کی وجوہات اور ڈرائیور کے بس پر سے کنٹرول کھونے کے اسباب کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے