
حیدرآباد ، 3 جون (ہ س) ۔
تلنگانہ کسی کے باپ کی جاگیرنہیں ہے اورکوئی مجھے خوفزدہ نہیں کرسکتا۔ تلنگانہ سے میراگہرا قلبی وپرانا تعلق ہے اورتلنگانہ عوام نے مجھے کئی مواقع پرساتھ دیتے ہوئے ترقی کی بلندیوں پرپہنچایا ہے۔ نائب وزیراعلی آندھراپردیش وتلگوفلم اداکارپون کلیان نے حیدرآباد میں واقع ان کے مکان جوبلی ہلزمیں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے تلنگانہ میں جناسیناپارٹی کی سرگرمیوں پرانہیں دھمکانے والوں کوانتباہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی کی دھمکیوں سے خوفزدہ ہونے والے نہیں ہیں اورنہ ہی انہیں کوئی ڈراسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت پڑنے پروہ تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ پون کلیان نے کہاکہ دستورمیں حاصل آزادی اورجمہوری قوانین کا استعمال کرتے ہوئے وہ ملک کے کسی بھی حصہ میں اجلاس منعقد کرسکتے ہیں لیکن تلنگانہ میں اپنے سیاسی فائدہ کے لئے بعض سیاسی قائدین انہیں نشانہ بنانے کی کوشش کررہے ہیں جوناقابل برداشت ہے۔ سربراہ جنا سینا پارٹی نے تلنگانہ میں اپنی سیاسی سرگرمیوں کے آغازکا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی بتدریج تلنگانہ کی سیاست میں حصہ لیتے ہوئےسماجی تلنگانہ کےلئے کام کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ انہیں تلنگانہ سے زیادہ آندھراپردیش میں دھمکانے کی کوشش کی گئی تھی ۔ پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے دعویٰ کیا کہ وہ کبھی تشکیل تلنگانہ کے مخالف نہیں رہے لیکن انہوں نے آندھراپردیش کی تقسیم کے طریقہ کارپر اعتراض کیا تھا۔پون کلیان نے کہا کہ وہ تلگوعوام کے درمیان تفرقہ پیدا نہیں کررہے ہیں بلکہ ان کے درمیان پیدا ہونے والی دوریوں کا پاٹنے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ انہوں نے تلنگانہ کے سیاسی قائدین پر کی جانے والی تنقیدوں کو تلنگانہ یا تلنگانہ عوام پر تنقید قرار دینے کی کوششوں پر بھی سخت انتباہ دیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق