
راجوری کے منجاکوٹ سیکٹر میں جاری آپریشن شیروالی 12 ویں روز میں داخل
جموں، 03 جون (ہ س)۔ راجوری ضلع کے منجا کوٹ سیکٹر کے گمبھیر مغلاں اور دوری مل کے گھنے جنگلاتی علاقوں میں جاری مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مہم ’آپریشن شیروالی‘ بدھ کو بارہویں دن میں داخل ہو گئی۔ بھارتی فوج، جموں و کشمیر پولیس اور سی آر پی ایف کی مشترکہ ٹیمیں مشتبہ دہشت گردوں کی تلاش میں مسلسل مصروف ہیں۔
حکام کے مطابق آپریشن مخصوص خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر شروع کیا گیا تھا، جن میں علاقے میں دہشت گردوں کی موجودگی کی نشاندہی کی گئی تھی۔ سکیورٹی فورسز جنگلاتی علاقوں میں وسیع پیمانے پر تلاشی کارروائیاں انجام دے رہی ہیں تاکہ دہشت گردوں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار یا بے اثر بنایا جا سکے۔
آپریشن کے دوران مختلف مقامات پر ناکے قائم کیے گئے ہیں جہاں مسافروں اور مقامی افراد کے شناختی کارڈ چیک کیے جا رہے ہیں۔ سیکورٹی اداروں کا مقصد علاقے میں دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو روکنا اور حفاظتی نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔
حکام نے بتایا کہ گھنے جنگلات، دشوار گزار پہاڑی راستے اور مشکل جغرافیائی حالات آپریشن کو چیلنجنگ بنا رہے ہیں، تاہم فورسز جدید وسائل اور انٹیلی جنس معلومات کی مدد سے مسلسل نگرانی اور سرچ آپریشن جاری رکھے ہوئے ہیں۔سیکورٹی حکام کے مطابق پورے آپریشنل علاقے میں سخت نگرانی برقرار ہے اور علاقے کو مکمل طور پر محفوظ قرار دیے جانے تک تلاشی مہم جاری رہے گی۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کی تلاش کے لیے ہائی الرٹ پر ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر