

کھنڈوا، 3 جون (ہ س)۔ کھنڈوا ضلع کے دیہی علاقوں کے لیے مرکزی حکومت نے بڑی سوغات دی ہے۔ وزیراعظم گرام سڑک یوجنا کے تحت علاقے کے چار اہم سڑک پروجیکٹوں کو منظوری ملی ہے۔ ان پروجیکٹوں پر کل 13.74 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے اور 14.44 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی جائیں گی۔
کھنڈوا کے ایم پی گیانیشور پاٹل نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پر ان سڑکوں کی منظوری نامہ شیئر کرتے ہوئے بتایا کہ حکومتِ ہند کے دیہی ترقیات اور محکمہ کسان بہبود و زرعی ترقیات کے وزیر شیوراج سنگھ چوہان نے علاقے کی ضرورتوں کو ترجیح دیتے ہوئے ان پروجیکٹوں کو منظوری فراہم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بنیادی سہولیات کی توسیع مرکزی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے اور سڑک نیٹ ورک مضبوط ہونے سے ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔
دیں پاٹل نے بتایا کہ اس منظوری کے بعد علاقے کے کئی گاوں کی برسوں پرانی سڑک سے متعلق مانگ پوری ہونے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔ نئی سڑکیں بننے سے دیہی علاقوں کی کنیکٹیویٹی بہتر ہوگی، جس سے کسانوں، طالب علموں، تاجروں اور عام شہریوں کو آمد و رفت میں سہولت ملے گی۔ ساتھ ہی دیہی معیشت کو بھی مضبوطی ملنے کی امید ہے۔
رکن پارلیمنٹ کی جانب سے شیئر کیے گئے خط کے مطابق، منظور شدہ پروجیکٹوں میں برملائے سے ککڈال روڈ کی تعمیر سب سے بڑا پروجیکٹ ہے۔ اس 7.64 کلومیٹر طویل راستے پر 7.18 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ برملائے سے سکتلائی-4 روڈ کے 3.20 کلومیٹر حصے کی تعمیر کے لیے 3.13 کروڑ روپے منظور کیے گئے ہیں۔ اسی طرح لہاڑپور سے پارواڑی روڈ کے 2.24 کلومیٹر طویل حصے پر 2.06 کروڑ روپے خرچ ہوں گے، جبکہ مالود روڈ سے کھیڑی رئیعت روڈ کے 1.36 کلومیٹر طویل حصے کی تعمیر کے لیے 1.35 کروڑ روپے کی منظوری دی گئی ہے۔
رکن پارلیمنٹ پاٹل نے کھنڈوا پارلیمانی حلقے کی ترقی اور عوامی بہبود کے تئیں مسلسل حساسیت اور عزم کے لیے مرکزی وزیر شیوراج سنگھ چوہان کا علاقے کے تمام عوام کی طرف سے شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سڑکیں بننے سے گاوں کا رابطہ اہم شاہراہوں سے بہتر ہوگا۔ کسانوں کو اپنی فصل منڈیوں تک پہنچانے میں آسانی ہوگی، وہیں طالب علموں اور مریضوں کو بھی آمد و رفت کی بہتر سہولت ملے گی۔ برسات کے دوران جن علاقوں میں پہنچنا مشکل ہو جاتا تھا، وہاں بھی اب سفر آسان ہونے کی امید ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن