
نئی دہلی، 03 جون (ہ س)۔ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے بدھ کو دہلی حکومت کے کابینہ وزراء کے ساتھ مالویہ نگر میں آتشزدگی کے واقعہ پر غم کا اظہار کیا
دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر ترنجیت سنگھ سندھو نے مالویہ نگر کے حوز رانی میں واقع ایک ہوٹل میں لگنے والی زبردست آگ پرغم اور سوگوار خاندانوں سے تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی خواہش کی۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس، سول انتظامیہ اور فائر ریسکیو ٹیمیں اس وقت جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے عہدیداروں سے بات کی اور انہیں ہدایت کی کہ وہ اس المناک واقعہ کے متاثرین کو فوری طبی امداد اور راحت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کریں۔
پی ڈبلیو ڈی کے وزیر پرویش ورما نے اس واقعہ پر کہا کہ دہلی حکومت انتہائی حساسیت کے ساتھ صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ متاثرہ خاندانوں کو ریلیف، علاج اور دیگر ضروری امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
دہلی کے کابینی وزیر منجندر سنگھ سرسا نے اپنی تعزیت کا اظہار کیا اور اس واقعہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی اطلاع ملنے پر دہلی حکومت کے تمام متعلقہ محکموں اور ایمرجنسی ایجنسیوں کو فوری طور پر راحت اور بچاو¿ کاموں کے لیے تعینات کر دیا گیا۔ انتظامیہ متاثرہ خاندانوں کی مدد میں مسلسل مصروف ہے اور تمام ضروری امداد کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہلی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مضبوطی کے ساتھ کھڑی ہے اور ہر ممکن مدد فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) دہلی کے ریاستی صدر ہرش ملہوترا نے کہا کہ مقامی انتظامیہ اور راحت اور بچاو¿ ٹیمیں متاثرہ لوگوں کو امداد اور بچاو¿ فراہم کرنے میں سرگرم عمل ہیں۔ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔
دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے دہلی کانگریس کے تمام ساتھیوں سے متاثرہ لوگوں کی ہر ممکن مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔
ایم پی بنسوری سوراج نے اس واقعہ میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد صحت یابی کی خواہش کرتے ہوئے کہا کہ راحت اور بچاو کے کاموں میں مصروف پولیس، فائر بریگیڈ اور دیگر ہنگامی خدمات کی ٹیموں کی کوششیں جاری ہیں۔
اس کے علاوہ ایم پی کمل جیت سہراوت، ایم پی پروین کھنڈیلوال اور راجیہ سبھا ممبر سواتی مالیوال کے ساتھ ریاست کے ایم ایل ایز نے بھی غم کا اظہار کیاہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی