
نئی دہلی، 03 جون (ہ س)۔ دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) میں اپوزیشن لیڈر اور عام آدمی پارٹی (آپ ) کے لیڈر انکش نارنگ نے بدھ کو میونسپل کمشنر کو ایک خط لکھ کر ساکیت کے سیدالعجائب علاقے میں پانچ منزلہ عمارت کے گرنے کے واقعہ کی منصفانہ تحقیقات اور قصوروار اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
انکش نارنگ نے خط میں لکھا کہ ساکیتعمارت حادثہ کوئی حادثہ نہیں ہے بلکہ کارپوریشن کے افسران کی بدعنوانی، لاپرواہی اور ملی بھگت کا نتیجہ ہے۔انہوں نے کہا کہ آج انہوں نے میونسپل کمشنر کو خط لکھ کر پورے معاملے کی غیر جانبدارانہ جانچ کرانے، قصوروار افسران کی جوابدہی طے کرنے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کرنے، متاثرہ خاندانوں کو مناسب معاوضہ فراہم کرنے اور دہلی بھر میں خستہ حال اور غیر قانونی عمارتوں کا سروے کرانے کا مطالبہ کیا۔
اپوزیشن لیڈر نے کہا کہ مقامی لوگوں کی شکایات اور غیر قانونی تعمیرات کے علم کے باوجود کوئی ایکشن نہیں لیا گیا جس کی وجہ سے آج بے گناہ لوگوں کو اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر خمیازہ بھگتنا پڑا۔
انکش نارنگ نے کہا کہ بدعنوان افسران جو دہلی والوں کی جانوں سے کھیل رہے ہیں اور ان کی حفاظت کرنے والوں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جانا چاہئے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد