
فلرٹن، 29 جون (ہ س) ۔تجربہ کار ہندوستانی شٹلر کدامبی سری کانت کا یو ایس اوپن سپر 300 بیڈمنٹن ٹورنامنٹ جیتنے کا خواب ادھورا رہ گیا۔ وہ اتوار کو مینز سنگلز فائنل میں تین گیمز کے مقابلہ میں چائنیز تائپے کے سو لی یانگ سے ہار گئے۔
عالمی چیمپئن شپ 2021 کے چاندی کا تمغہ جیتنے والے اور سابق عالمی نمبر 1 سری کانت نے پہلا گیم ہارنے کے بعد شاندار واپسی کی اور دوسرا جیت لیا، لیکن وہ فیصلہ کن گیم میں اپنے نوجوان حریف کی تیز رفتار اور جارحانہ کھیل کا مقابلہ نہیں کر سکے۔ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہنے والے میچ میں سری کانت کو 21-15، 16-21، 21-9 سے شکست کا سامنا کرناپڑا۔
33 سالہ سری کانت سیزن کا اپنا پہلا فائنل کھیل رہے تھے۔ انہوں نے میچ کا آغاز اچھا کیا لیکن کچھ غیرضروری غلطیوں کا فائدہ اٹھاکر سو لی یانگ نے پہلا گیم جیت لیا ۔
دوسرے گیم میں سری کانت نے بہترین نیٹ پلے اور دمدار اسمیش کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے اپنی برتری برقرار رکھی اور گیم 16-21 سے جیت کر مقابلہ برابر ی پرلا دیا۔
تاہم، فیصلہ کن تیسرے گیم میں، سو لی-یانگ نے شروع سے ہی جارحانہ انداز میں کھیلا، مسلسل برتری قائم کی اور سری کانت پر دباو برقرار رکھا۔ انہوں نے وقفے پر چار پوائنٹ کی برتری حاصل کی۔ سری کانت اس کے بعد واپسی کرنے میں ناکام رہے اور سو لی یانگ نے میچ جیت کر اپنے کیریئر کا پہلا بی ڈبلیو ایف ورلڈ ٹورخطاب جیت لیا۔
ہار کے باوجود پورے ٹورنامنٹ میں سری کانت کی کارکردگی متاثر کن رہی۔ انہوں نے سیمی فائنل میں جاپان کے یودائی اوکیموٹو کو شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ گزشتہ سال وہ ملائیشیا ماسٹرز سپر 500 اور سید مودی انٹرنیشنل سپر 300 میں بھی رنر اپ رہے تھے۔ اس بار بھی انہیں چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی