
کیف/ماسکو، 27 جون (ہ س)۔ یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے طویل فاصلے تک مار کرنے والے کروز میزائلوں نے جنوبی روس کے شہر وولگوگراد میں ایک فوجی صنعتی کمپلیکس کو نشانہ بنایا۔ اس حملے کی وجہ سے ٹائٹن- بیریکیڈی پلانٹ میں آگ لگ گئی، جہاں روس کے لیے آرٹلری سسٹم اور میزائل لانچ سسٹم کے پرزوں کے علاوہ دیگر فوجی ساز و سامان تیار کیا جاتا ہے۔
ترکیہ کی سرکاری انادولو ایجنسی کے مطابق، یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم”ایکس“ پر بتایا کہ جمعہ کی رات یوکرین کے ایف پی -5 فلیمنگو کروز میزائلوں نے اس حملے کو انجام دیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کمپلیکس یوکرین کی طویل فاصلے تک کی کارروائیوں کے لیے ایک اہم فوجی ہدف تھا۔ ان کے مطابق، یوکرین اپنی طویل فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کر رہا ہے اور روس پر مسلسل دباو¿ ہی ایک باعزت امن کی بنیاد رکھے گا۔
دریں اثنا، وولگوگراد کے گورنر آندرے بوچاروف نے کہا کہ شہر کے کراسنوکٹیابرسکی ضلع میں ایک پیداواری تنصیب کو رات بھر چلے حملے میں نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پلانٹ کے ایک ملازم کی لاش ملبہ ہٹانے کے دوران نکالی گئی، جب کہ 11 دیگر زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے دو کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ پلانٹ میں ایک اور شخص کی تلاش جاری ہے۔
ایک الگ بیان میں، روسی وزارت دفاع نے دعویٰ کیا کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ملک کے 10 علاقوں کے ساتھ ساتھ بحیرہ اسود اور کریمیا میں 175 یوکرینی ڈرون کو مار گرایا۔ تاہم روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کی وجہ سے دونوں طرف سے دعوو¿ں کی آزادانہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد