
بیجنگ، 27 جون (ہ س)۔
چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جمعہ کی شام ایک ہلکا اسپورٹس طیارہ شہر کی بلند ترین عمارت سیٹک ٹاور سے ٹکرا گیا۔ حادثے سے پورے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا اور عمارت کو فوری طور پر خالی کرالیا گیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے میں کسی جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔
ترکی کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو نے چینی میڈیا آو¿ٹ لیٹ ساو¿تھ چائنا مارننگ پوسٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اطلاع دی ہے کہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دکھایا گیا ہے کہ طیارہ 528 میٹر (1,732 فٹ) سیٹک ٹاور کی بالائی منزلوں سے ٹکرا یا ہے۔ سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ (سی بی ڈی) میں گلیوں، فٹ پاتھوں اور آس پاس کے سبزہ زاروں میں بکھرا ہوا ملبہ نظر آیا۔
عینی شاہدین کے مطابق عمارت کے اندر موجود لوگوں کو فوری طور پر باہر نکال لیا گیا۔ ایک خاتون نے بتایا کہ وہ اپنے بیگ یا آئی ڈی کے بغیر عمارت سے باہر بھاگ گئی۔ قریبی عمارت میں کام کرنے والے ایک شخص نے شام 5:40 بجے کے قریب زور دار دھماکے کی آواز سنی۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور بڑی تعداد میں سیکیورٹی فورسز کو تعینات کر دیا۔ کئی ایمبولینسیں بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔
آن لائن منظر عام پر آنے والی تصاویر میں طیارے کا رجسٹریشن نمبر، B-12PP دکھایا گیا ہے۔ فلائٹ ٹریکنگ ویب سائٹ Flightradar24 کے مطابق یہ طیارہ یہ دو سیٹوں والا، سنگل انجن والا ہلکا اسپورٹس ہوائی جہاز ہے۔
تاہم ابھی تک طیارے کی اصلیت اور حادثے کی وجہ کے حوالے سے سرکاری معلومات جاری نہیں کی گئی ہیں۔ چینی حکام نے بھی اس واقعے پر کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے۔ حادثے سے متعلق بہت سی پوسٹس کو مبینہ طور پر چینی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے ہٹا دیا گیا ہے، اور کچھ صارفین انہیں شیئر کرنے سے قاصر ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ