
نئی دہلی، 24 جون (ہ س): مغربی دہلی کے تلک نگر علاقے میں محض 150 روپے کے تنازعہ نے ایک نوجوان کی جان لے لی۔ الزام ہے کہ تین نابالغوں نے نوجوان کو چاقو مار کر قتل کیا۔ پولیس نے قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے تینوں ملزمان کو واقعے کے چند گھنٹوں میں ہی گرفتار کر لیا۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (مغربی ضلع) ہریشور سوامی نے بدھ کو بتایا کہ تلک نگر پولیس اسٹیشن میں 22 جون کو ایک پی سی آر کال موصول ہوئی تھی۔ کال کرنے والی، ایک نوجوان خاتون نے اطلاع دی کہ اس کے بھائی کو چاقو مارا گیا ہے اور اسے دین دیال اپادھیائے اسپتال لے جایا گیا ہے۔ اطلاع ملتے ہی سب انسپکٹر (ایس آئی) موہت کمار اور ان کی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچی۔ زخمی کی شناخت پارس کے نام سے ہوئی ہے۔ اسے چاقو کے تین زخم آئے تھے- دو اس کی بائیں ران پر اور ایک اس کی پیٹھ پر۔ اسے تشویشناک حالت میں اسپتال میں داخل کرایا گیا لیکن وہ دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔ جس کے بعد پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
پولیس نے مقتول کی بہن کا بیان ریکارڈ کر لیا۔ اس نے بتایا کہ اس نے اپنے بھائی کو ان کے گھر کے قریب زخمی اور بے ہوش پایا ہے۔ اسے حملہ آوروں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں تھیں۔ ڈی سی پی کے مطابق معاملے کی تحقیقات کے لیے انسپکٹر ونج کمار پانڈے اور ایس آئی موہت کمار پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ پولیس نے علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ کی اور مقامی انٹیلی جنس معلومات اکٹھی کیں۔ تکنیکی تجزیہ اور خفیہ معلومات کی بنیاد پر تین نابالغوں کی شناخت کی گئی۔ بعد میں انہیں چوکنڈی کے بی بلاک کے قریب ایک پارک سے گرفتار کیا گیا۔
پوچھ گچھ کے دوران، ملزم نے انکشاف کیا کہ تقریباً 40 سے 45 دن پہلے، پارس نے ایک نابالغ سے زبردستی 150 روپے لیے تھے اور اس کے بعد رقم واپس کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ جس کی وجہ سے ان کے درمیان مسلسل جھگڑا چل رہا تھا۔ 21 اور 22 جون کی درمیانی رات کو، تینوں کا پارس سے پیسوں کو لے کر سامنا ہوا، جس سے جھگڑا ہوا۔ پارس جائے وقوعہ سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا، لیکن ملزم نے 12:15 بجے کے قریب اسے دوبارہ تلاش کر لیا۔ الزام ہے کہ ان تینوں نے اس کی پٹائی کی اور حملہ کے دوران ایک نابالغ نے اسے بار بار چاقو مارا۔ پارس، جو شدید زخمی تھا، بعد میں دم توڑ گیا۔ پولیس نے تینوں نابالغ ملزمان کو جووینائل جسٹس بورڈ کے سامنے پیش کیا، جس نے انہیں حفاظتی گھر بھیجنے کا حکم دیا۔ پولیس معاملے کی مزید تفتیش کر رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد