
کانپور، 24 جون (ہ س)۔ یشودا نگر علاقے میں بزرگ خاتون سے چین لوٹنے کی واردات میں ملوث ایک ملزم کو نوبستہ پولیس نے منگل کی دیر رات انکاؤنٹر کے بعد گرفتار کر لیا۔ پولیس کی جوابی کارروائی میں شاطر کے پیر میں گولی لگی، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی اندھیرے کا فائدہ اٹھا کر موقع سے فرار ہوگیا۔ زخمی کو علاج کے لیے کانشی رام اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) ساوتھ دیپیندر چودھری نے بتایا کہ 23 مئی کو خوید نگر کی رہائشی دکان دار کسم اوستھی سے سگریٹ خریدنے کا بہانہ بنا کر دو بدمعاشوں نے چین لوٹ لی تھی۔ واقعے کے بعد بھاگتے وقت ان کی بائیک پھسل گئی تھی۔ اس دوران ایک لٹیرا پیدل بھاگا، جبکہ دوسرا بائیک لے کر فرار ہو گیا تھا۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کی بنیاد پر ملزموں کی تلاش شروع کی تھی۔
جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ واردات کے بعد ملزموں نے غلہ منڈی علاقے کے ایک پیٹرول پمپ سے ایندھن بھی بھروایا تھا۔ منگل کی رات اطلاع ملی کہ دونوں بدمعاش ہنس پورم علاقے میں کسی نئی واردات کی تیاری میں گھوم رہے ہیں۔ اطلاع پر پولیس ٹیم نے گھیرا بندی کی تو ملزموں نے بچنے کے لیے فائرنگ شروع کر دی۔
پولیس کی جوابی فائرنگ میں ایک ملزم زخمی ہو گیا اور اسے گرفتار کر لیا گیا۔ اس کی شناخت ہنومنت وہار تھانہ علاقے کے ساگر پوری کے رہائشی گولو کے طور پر ہوئی ہے۔ اس کے قبضے سے ایک طمنچہ اور کارتوس برآمد کیے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گولو کے خلاف چکیری اور نوبستہ تھانوں میں چوری اور لوٹ کے تین مقدمات پہلے سے درج ہیں۔ فرار ملزم کی گرفتاری، لوٹی گئی چین کی برآمدگی اور اسے خریدنے والے لوگوں کی شناخت کے لیے پولیس کی الگ الگ ٹیمیں مسلسل کارروائی کر رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن