
نئی دہلی، 23 جون (ہ س)۔ ہندوستانی نشانے بازوں نے جرمنی کے سہل میں جاری آئی ایس ایس ایف جونیئر ورلڈ چمپئن شپ میں اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھی۔ ہندوستانی دستے نے ایک اور کامیاب دن کے ساتھ اپنی تعداد میں تین نئے تمغوں کا اضافہ کیا۔ ہندوستان کے شیوا ناروال نے 10 میٹر ایئر پسٹل جونیئر مینز ایونٹ میں شاندار کارکردگی کے ساتھ چاندی کا تمغہ جیتا۔ یوگ پرتاپ سنگھ راٹھور نے بھی اسی ایونٹ میں کانسہ کے تمغے پر قبضہ کیااور اس میچ میں ہندوستان کو دوہرا تمغہ دلایا۔
ٹیم میچ میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے بھی زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 10 میٹر ایئر پسٹل جونیئر مینز ٹیم ایونٹ میں شیوا نروال، سندیپ بشنوئی اور چراغ شرما کی تینوں نے مل کر ہندوستان کے لیے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ان تین نئے تمغوں کے ساتھ، ہندوستان کے کل تمغوں کی تعداد اب 15 ہو گئی ہے، جس میں 5 طلائی، 3 چاندی اور 7 کانسہ کے تمغے شامل ہیں۔ ہندوستانی دستے نے انفرادی اور ٹیم دونوں مقابلوں میں مسلسل اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے، جس سے ہندوستان کو چمپئن شپ کے تمغوں کی تعداد میں اپنا سرفہرست مقام برقرار رکھنے میں مدد ملی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan