
فلاڈیلفیا، 23 جون (ہ س)۔ فیفا ورلڈ کپ 2026 میں فرانس نے منگل کو عراق کو 0-3 سے ہرا کر آخری 32 میں اپنی جگہ پکی کر لی۔ مقابلے کا سب سے زیادہ سرخیوں میں رہنے والا پہلو کیلین ایمباپے کی شاندار کارکردگی اور میچ کے دوران خراب موسم کی وجہ سے ہونے والا طویل تعطل رہا۔
فرانس کے کپتان کیلین ایمباپے نے ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا ڈبل گول داغتے ہوئے ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کے دونوں گولوں کے درمیان تقریباً تین گھنٹے کا وقفہ رہا، کیونکہ علاقے میں تیز طوفان اور بارش کی وجہ سے دوسرے ہاف کا آغاز تقریباً دو گھنٹے تک ملتوی کرنا پڑا۔
ایمباپے کے ان گولوں کے ساتھ ورلڈ کپ میں ان کے کل گولوں کی تعداد 16 ہو گئی اور انہوں نے جرمنی کے سابق لیجنڈ اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔ اس سے پہلے ارجنٹینا کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی آسٹریا کے خلاف دو گول کر کے ورلڈ کپ کی تاریخ میں 18 گول کے نئے ریکارڈ تک پہنچ چکے تھے۔
ایمباپے اب اس ورلڈ کپ میں چار گول کر چکے ہیں اور گولڈن بوٹ کی دوڑ میں میسی سے صرف ایک گول پیچھے ہیں۔
فرانس نے میچ کے آغاز سے ہی دباو برقرار رکھا۔ 14ویں منٹ میں ایمباپے نے پہلا گول کیا۔ مائیکل اولیسے کے پاس پر گیند ملنے کے بعد انہوں نے باکس کے باہر سے شاندار ہٹ لگائی، جسے عراق کے گول کیپر احمد باسل نہں روک سکے۔
دوسرے ہاف کا آغاز موسم کی وجہ سے تاخیر سے ہوا، لیکن واپسی کے بعد بھی عراق لے حاصل نہ کر سکا۔ 54ویں منٹ میں عراق کی دفاعی غلطی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے عثمان ڈیمبیلے نے ایمباپے کو آسان موقع فراہم کیا اور انہوں نے اپنا دوسرا گول کر دیا۔
اس کے بعد 66ویں منٹ میں موجودہ بیلن ڈی اور فاتح عثمان ڈیمبیلے نے بھی گول کر کے فرانس کی برتری 0-3 کر دی۔ ڈیمبیلے نے مائیکل اولیسے کے شاندار پاس کو کنٹرول کرتے ہوئے گیند کو گول میں پہنچایا۔
میچ کے دوران موسم بھی موضوعِ بحث رہا۔ پہلے ہاف کے ختم ہوتے ہی تیز بارش اور طوفان شروع ہو گیا، جس کے بعد شائقین کو اسٹیڈیم کے محفوظ حصوں میں بھیجا گیا۔ تقریباً ایک گھنٹے 40 منٹ بعد کھلاڑی وارم اپ کے لیے لوٹے اور میدان پر جمع پانی ہٹانے کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہو سکا۔
اس جیت کے ساتھ فرانس نے ناک آوٹ مرحلے میں داخلہ یقینی بنا لیا اور خطاب کی دوڑ میں اپنی مضبوط دعویداری پیش کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن