کمشنر جے ایم سی نے شہر کے قدیم علاقوں میں فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کا معائنہ
جموں،23 جون (ہ س)۔ جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کے کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو نے شہر کے قدیم علاقوں میں فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کا معائنہ کرتے ہوئے پیدل چلنے والوں کے لیے عوامی مقامات کو بحال کرنے کے مقصد سے سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔دورے
Jmc


جموں،23 جون (ہ س)۔

جموں میونسپل کارپوریشن (جے ایم سی) کے کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو نے شہر کے قدیم علاقوں میں فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کا معائنہ کرتے ہوئے پیدل چلنے والوں کے لیے عوامی مقامات کو بحال کرنے کے مقصد سے سخت کارروائی کا اعلان کیا ہے۔دورے کے دوران ڈاکٹر دیوانش یادو نے تاجروں اور ریڑھی فروشوں سے بات چیت کرتے ہوئے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کا حوالہ دیا، جس میں شہریوں کے محفوظ اور آزادانہ طور پر فٹ پاتھوں پر چلنے کے حق کی توثیق کی گئی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ فٹ پاتھ صرف راہگیروں کے لیے مختص ہیں اور ان پر تجارتی سرگرمیوں، غیر مجاز پارکنگ، سامان رکھنے یا کسی بھی قسم کی تجاوزات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔

انہوں نے کہا کہ کئی علاقوں میں دکانوں کی توسیع، سامان کی نمائش، ریڑھیوں، کھڑی گاڑیوں اور دیگر غیر قانونی ڈھانچوں کی وجہ سے راہگیروں کو سڑکوں پر چلنے پر مجبور ہونا پڑتا ہے، جس سے ان کی سلامتی کو خطرات لاحق ہوتے ہیں۔کمشنر نے کہا کہ جموں میونسپل کارپوریشن سپریم کورٹ کی ہدایات اور بلدیاتی قوانین کے مطابق شہر بھر میں تجاوزات کے خلاف مستقل مہم شروع کرے گی۔

انہوں نے خبردار کیا کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تجاوزات ہٹانے، سامان ضبط کرنے اور جرمانے عائد کرنے سمیت سخت کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے دکانداروں اور ریڑھی فروشوں سے رضاکارانہ طور پر تجاوزات ہٹانے اور جموں کو صاف، محفوظ اور پیدل چلنے والوں کے لیے سازگار بنانے میں انتظامیہ کا تعاون کرنے کی اپیل کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر (نارتھ) سمیت جموں میونسپل کارپوریشن کے دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد اصغر


 rajesh pande