
مہاراشٹر اسمبلی اجلاس: دیویندر فڈنویس کا اعلان، ریاست میں منشیات کے مسئلے پر ’زیرو ٹالرنس‘ پالیسیممبئی ، 23 جون (ہ س)۔ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ دیویندر فڈنویس نے منگل کو ممبئی میں منشیات مافیا کے خلاف ’’زیرو ٹالرنس‘‘ پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے منشیات کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کرنے کے لیے ’’ہول آف گورنمنٹ‘‘ یعنی پورے سرکاری نظام کو شامل کرنے والا جامع نقطۂ نظر اختیار کیا ہے، جس میں صحت، زراعت اور تعلیم سمیت 15 محکمے شامل ہیں۔ مہاراشٹر اسمبلی میں آج اپوزیشن نے ممبئی، پونے اور ودربھ جیسے بڑے شہری علاقوں میں منشیات کے مبینہ پھیلاؤ کا مسئلہ شدت سے اٹھایا۔ اس موضوع پر تقریباً 20 منٹ تک بحث ہوئی، جس دوران اپوزیشن ارکان نے غیر قانونی منشیات کے کاروبار کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔ جواب دیتے ہوئے وزیر اعلیٰ فڈنویس نے ضلع ستارا میں حالیہ کارروائی کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ بین الریاستی ایم ڈی (میفیڈرون) منشیات ریکیٹ کے مبینہ سرغنہ سلیم ڈولا کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ کارنر نوٹس کے بعد گرفتار کیے گئے سلیم ڈولا نے اعتراف کیا ہے کہ اس نے مہاراشٹر، مدھیہ پردیش، کرناٹک اور تلنگانہ میں منشیات تیار کرنے والی فیکٹریاں قائم کی تھیں اور تقریباً 4 ہزار کلوگرام منشیات تیار کی تھی۔وزیر اعلیٰ نے کارروائی کے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا کہ جنوری سے اپریل 2026 کے درمیان پولیس اور اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس نے 1,142 مقدمات درج کیے، جن کے نتیجے میں 1,626 افراد کو گرفتار کیا گیا اور 254.53 کروڑ روپے مالیت کی منشیات ضبط کی گئیں۔ اس کے علاوہ سال 2025 کے دوران 523.17 کروڑ روپے مالیت کے ممنوعہ نشہ آور مادّے تلف کیے گئے۔ انہوں نے ایوان کو یقین دلایا کہ حکومت کسی بھی خاطی افسر کو تحفظ نہیں دے گی۔ فڈنویس نے کہا کہ منشیات سے متعلق جرائم میں ملوث پائے جانے والے پولیس افسران کو صرف معطل نہیں بلکہ ملازمت سے برطرف کیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اپنے دائرۂ کار میں مسلسل منشیات کی سرگرمیوں کے لیے سینئر پولیس انسپکٹر کو ذاتی طور پر ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس وقت ریاست بھر میں منشیات کے خلاف پولیس کی سات خصوصی یونٹیں کام کر رہی ہیں اور ہر پولیس اسٹیشن میں خصوصی اینٹی نارکوٹکس نظام قائم کرنے کی منصوبہ بندی کی جا رہی ہے۔ اس کے علاوہ حکومت منشیات کی لت سے متاثرہ افراد کی بحالی کے لیے ہر ضلع میں 50 بستروں پر مشتمل مفت نشہ مکتی اور بازآبادکاری مراکز قائم کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے ’’ڈرگ فری ممبئی‘‘ مہم کے لیے پُرعزم ہے اور نوجوانوں کو منشیات کے خطرات سے محفوظ رکھنے کے لیے اسکولوں اور کالجوں کے اطراف نگرانی مزید سخت کرنے اور بیداری مہمات چلانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / جاوید این اے