
جموں, 22 جون (ہ س)چنڈی گڑھ کے سیکٹر 11 میں واقع شری کمار میڈیکوز کے مالک جانکی داس کے قتل کیس کی تحقیقات میں اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ اتوار کو چنڈی گڑھ پولیس کے ڈی ایس پی رینک کے افسران اور دیگر اعلیٰ حکام نے سانبہ تھانے پہنچ کر گرفتار ملزمان امت کمار عرف شرابی، وویک مہرا، اجے کمار اور مانک سنہوترا سے تفصیلی پوچھ گچھ کی۔
پولیس ذرائع کے مطابق پوچھ گچھ کے دوران معلوم ہوا کہ مرکزی ملزم امت کمار عرف شرابی کو اس قتل کے عوض ڈیڑھ لاکھ روپے کی سپاری دی گئی تھی۔ 10 جون کو چنڈی گڑھ پہنچنے کے بعد ملزمان نے دکان کی کئی مرتبہ ریکی کی اور مرحلہ وار رقم وصول کرنے کے بعد 13 جون کو ترکی ساختہ جِگانا پستول سمیت دیگر اسلحہ حاصل کیا۔ اس کے بعد جانکی داس پر فائرنگ کرکے اسے ہلاک کر دیا گیا۔
تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ واردات کے بعد ملزمان نے استعمال شدہ اسلحہ سیکٹر 43 میں پھینک دیا اور اس کی ویڈیو بنا کر گینگ کے سرغنہ گولڈی ڈھلوں کو بھیج دی۔ بعد ازاں وہ بس کے ذریعے فرار ہو گئے اور دہلی کے راستے جموں پہنچے، جہاں پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا۔
ادھر قتل میں استعمال ہونے والی ترکی ساختہ جِگانا پستول تاحال برآمد نہیں ہو سکی ہے، جس کے باعث چنڈی گڑھ پولیس کو تفتیش میں مشکلات کا سامنا ہے۔ پولیس مختلف مقامات پر تلاشی مہم جاری رکھے ہوئے ہے اور اسلحہ کی بازیابی کے لیے کوششیں تیز کر دی گئی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر