
قاہرہ،22جون(ہ س)۔قاہرہ میں سعودی عرب، مصر، پاکستان اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کا ایک اجلاس ہوا جس میں علاقائی صورتحال کی تازہ ترین پیش رفت، امریکہ اور ایران کے درمیان دستخط شدہ مفاہمت کی یاد داشت کی روشنی میں کشیدگی کم کرنے کی کوششوں بالخصوص پاکستانی ثالثی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس میں لبنان کے خلاف اسرائیلی فوجی جارحیت پر بھی بات چیت کی گئی۔ سعودی وزارت خارجہ کے مطابق اس بات پر زور دیا گیا کہ سفارتی راستہ برقرار رکھنے، بحران کے اثرات کو محدود کرنے اور خطے میں امن و استحکام کی بحالی کو یقینی بنانے کے لیے کام جاری رکھنے اور مشاورت و رابطہ کاری کو تیز کرنے کی ضرورت ہے۔سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے چار علاقائی فریقوں کے وزرائے خارجہ کے چوتھے اجلاس میں شرکت کی جس میں ان کے علاوہ پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، مصر کے وزیر برائے خارجہ امور بین الاقوامی تعاون ڈاکٹر بدر عبد العاطی اور ترکیہ کے وزیر خارجہ ہاقان فیدان شامل تھے۔چاروں ممالک نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا جس میں ایران اور امریکہ کے درمیان جاری مذاکرات کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اظہار کیا گیا۔اسی تناظر میں چاروں ممالک نے دونوں فریقوں کے درمیان مذاکراتی عمل کو کامیاب بنانے پر زور دیا تاکہ علاقائی امن و استحکام کو مضبوط بنانے میں مدد مل سکے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan