
علی گڑھ، 22 جون (ہ س)۔
وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کے دورۂ علی گڑھ سے قبل شہر میں طویل عرصے سے رکے ہوئے ترقیاتی کاموں کو جنگی بنیادوں پر مکمل کیا گیا۔ سی ایم گرڈ منصوبے کے تحت رام گھاٹ روڈ، کیلا نگر روڈ اور دیگر اہم راستوں پر فٹ پاتھ، پلیاؤں اور سڑکوں کی تعمیر کا کام اچانک تیز کر دیا گیا، جس سے شہریوں میں حیرت اور بحث کا ماحول پیدا ہو گیا ہے۔
رام گھاٹ روڈ پر کوارسی فارم تِراہے سے دودھ پور تک انٹرلاکنگ ٹائلز سے فٹ پاتھ کی تعمیر مکمل کر دی گئی، جبکہ جیل پل کی خستہ حال سڑک بھی راتوں رات مرمت کرکے بہتر بنا دی گئی۔ اس سڑک پر موجود گڑھوں کے باعث شہریوں کو روزانہ دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ وزیر اعلیٰ کے مجوزہ روٹ پر واقع سڑکوں، ڈیوائیڈرز اور فٹ پاتھوں کی خصوصی صفائی اور رنگ و روغن بھی کیا گیا۔ نمائش میدان، کلکٹریٹ، کول تحصیل تِراہے اور رام گھاٹ روڈ سمیت کئی مقامات پر تجاوزات ہٹا کر راستوں کو صاف کیا گیا۔
مقامی رہائشی پرفل کمار کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل خوش آئند ہے، لیکن سوال یہ ہے کہ جو کام کئی ماہ سے التوا کا شکار تھے، انہیں پہلے کیوں مکمل نہیں کیا گیا۔ دودھ پور کے رہائشی راہل وششٹھ نے بھی کہا کہ عوامی مسائل پر توجہ اس وقت دی گئی جب اعلیٰ حکام کے دورے کا پروگرام طے ہوا۔ شہریوں کا ماننا ہے کہ اگر انتظامیہ اسی رفتار سے روزمرہ مسائل کے حل پر توجہ دے تو شہر کی بنیادی سہولیات میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ