
نئی دہلی، 22 جون (ہ س): مرکزی تحقیقاتی بیورو (سی بی آئی) نے ریلائنس اے ڈی اے گروپ سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے سلسلے میں ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ (آر سی ایف ایل) کے سابق ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر دیوانگ مودی اور ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ (آر ایچ ایف ایل) کے سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر رویندر سدھالکر کو پیر کے روز گرفتار کر لیا۔
سی بی آئی کے مطابق تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ آر سی ایف ایل معاملے میں ملزمان نے 13 سرکاری شعبے کے بینکوں کو 4097 کروڑ روپے کا نقصان پہنچایا، جبکہ آر ایچ ایف ایل معاملے میں 10 سرکاری شعبے کے بینکوں کو 3526 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔
تحقیقات سے معلوم ہوا کہ دیوانگ مودی اپریل 2017 سے دسمبر 2018 تک آر سی ایف ایل کے سی ای او رہے اور کمپنی کے انتظامی فیصلوں میں کلیدی کردار ادا کرتے تھے۔ انہوں نے ایسی درمیانی اور رابطہ کار کمپنیوں کو قرض منظور کیے جو بھارتی ریزرو بینک کی ہدایات اور بینکوں سے حاصل کردہ قرضوں کی شرائط کے خلاف تھے۔ اسی طرح رویندر سدھالکر، جو اکتوبر 2016 سے مارچ 2022 تک آر ایچ ایف ایل کے سی ای او رہے، نے بھی ایسی کمپنیوں کو قرض منظور کیے جو کمپنی کی قرض پالیسی، نیشنل ہاؤسنگ بینک (این ایچ بی) اور ریزرو بینک کی ہدایات، نیز بینکوں سے لیے گئے قرضوں کی شرائط کے منافی تھے۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا کہ ملزمان نے آر سی ایف ایل اور آر ایچ ایف ایل سے حاصل شدہ رقوم کو ریلائنس اے ڈی اے گروپ کی دیگر کمپنیوں، جیسے ریلائنس کیپیٹل لمیٹڈ، ریلائنس انفراسٹرکچر لمیٹڈ اور ریلائنس پاور لمیٹڈ میں منتقل کر دیا۔ اس سے بینکوں کو مجموعی طور پر 7623 کروڑ روپے کا نقصان ہوا اور متعلقہ کمپنیوں کو ناجائز فائدہ پہنچا۔
سی بی آئی نے بتایا کہ ایجنسی نے ریلائنس کمیونیکیشنز لمیٹڈ، ریلائنس ہوم فنانس لمیٹڈ، ریلائنس کمرشل فنانس لمیٹڈ اور ریلائنس ٹیلی کام لمیٹڈ کے خلاف سات مقدمات درج کیے ہیں۔ یہ مقدمات مختلف سرکاری شعبے کے بینکوں اور بھارتی لائف انشورنس کارپوریشن کی شکایات کی بنیاد پر درج کیے گئے ہیں۔ ان معاملات کی تحقیقات سپریم کورٹ کی نگرانی میں جاری ہیں۔
سی بی آئی اب تک ریلائنس اے ڈی اے گروپ سے متعلق معاملات میں ان دو افراد سمیت پانچ لوگوں کو گرفتار کر چکی ہے۔ سی بی آئی نے 29 مئی کو آر کام معاملے میں پہلی چارج شیٹ دائر کی تھی، جس میں کمپنی، اس کے پانچ سینئر افسران اور دس بینک افسران سمیت مجموعی طور پر 16 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔
سی بی آئی نے کہا ہے کہ معاملے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد