
علی گڑھ, 22 جون (ہ س)۔
قصبہ ٹپّل کے نورپور روڈ پر واقع مڑھی مندر کے عقب میں اتوار کے روز بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) کی ایک اہم میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں چودھری مہندر سنگھ ٹکیت ٹرسٹ کی زمین پر مبینہ قبضے اور محکمہ مال کے بعض اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت کا مسئلہ زور و شور سے اٹھایا گیا۔
میٹنگ کی صدارت گنگارام نے کی، جبکہ نظامت کی ذمہ داری منڈل ترجمان ڈاکٹر ہرویر سنگھ نے انجام دی۔ اجلاس میں بھاکیو عہدیداروں نے دعویٰ کیا کہ ٹرسٹ کے نام 930 مربع گز زمین درج ہے، لیکن حالیہ پیمائش کے دوران صرف 725 مربع گز زمین ہی موجود پائی گئی۔
تنظیم کے رہنماؤں نے الزام لگایا کہ تقریباً 205 مربع گز زمین کا کوئی سراغ نہیں مل رہا ہے۔ کسان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ برسوں قبل مندر کے مہنت کی جانب سے دی گئی اضافی زمین پر بھی موجودہ مہنت نے قبضہ کر رکھا ہے۔
بھاکیو نے معاملے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے اور زمین کی اصل صورتحال واضح کرنے کا مطالبہ کیا۔ اجلاس میں قومی خزانچی وجے تالان، ریاستی نائب صدر سندر سنگھ، بنٹی شرما، سنیل بھولا، وجے، دھرمیندر شیورون سمیت متعدد کسان رہنما اور کارکنان موجود تھے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ