
اجین، 22 جون (ہ س) مدھیہ پردیش کے اجین ضلع میں پیر کو ایک المناک سڑک حادثے میں ایک تیز رفتار ڈمپر نے بائک پر سوار تین مزدوروں کو کچل دیا۔ حادثے میں دو مزدور جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہو گیا۔ اس واقعہ کے بعد مشتعل گاوں والوں نے دیواس روڈ کو بلاک کر کے احتجاج کیا۔
اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ ناروار تھانہ علاقہ میں دیواس روڈ پر سملیہ پھنٹے کے قریب پیش آیا۔ دھرمیندرولد شنکر لال شیروال (39)، کالو ناگونشی (35) اور روشن ولد دیوی لال (36) زیر تعمیر مکانوں کے لیے چھت کی سینٹنگ کا کام کرتے تھے۔ پیر کی صبح تینوں اپنی بائک پر معمول کے مطابق کام کے لیے نکلے تھے۔
بتایا گیا ہے کہ چار لین سڑک کو عبور کرتے وقت دیواس سے آرہے ایک تیز رفتار ڈمپر جس کا نمبر ایم پی-04 کے زیڈ-3751 تھا، نے ان کی موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی۔ حادثہ اتنا شدید تھا کہ دھرمیندر کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جب کہ کالو ناگونشی اور روشن کو زخمی حالت میں چرک اسپتال پہنچایا گیا۔ کالو ناگونشی بھی علاج کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ روشن کا اس وقت علاج چل رہا ہے۔
واقعے کے بعد ڈمپر ڈرائیور گاڑی چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا۔ حادثے سے ناراض گاو¿ں والوں نے دیواس روڈ کو بلاک کر دیا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تیز رفتار بھاری گاڑیاں علاقے میں اکثر حادثات کا باعث بن رہی ہیں لیکن انتظامیہ موثر کارروائی کرنے میں ناکام ہو رہی ہے۔
اطلاع ملنے پر ناروار پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی اور گاوں والوں کو ناکہ بندی ختم کرنے پر آمادہ کیا۔ پولیس نے ڈمپر کو قبضے میں لے کر ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی