
نئی دہلی، 21 جون (ہ س)۔ بین الاقوامی یوگا دن پر، دہلی کے وزیر صحت ڈاکٹر پنکج کمار سنگھ نے وکاسپوری کے چھٹھ گھاٹ پر منعقدہ بڑے پیمانے پر یوگا پروگرام میں حصہ لیا۔ نوجوانوں، خواتین اور بزرگ شہریوں سمیت معاشرے کے مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے شہریوں نے جوش و خروش سے حصہ لیا اور باقاعدہ یوگا مشق کے ذریعے صحت مند اور متوازن طرز زندگی اپنانے کا عہد کیا۔
پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے پنکج کمار سنگھ نے سب کو 12ویں بین الاقوامی یوگا دن کی مبارکباد دی اور یوگا کو عالمی سطح پر پہچان دلانے میں ہندوستان کے اہم رول پر روشنی ڈالی۔
وزیر موصوف نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی دور اندیش قیادت میں یوگا کو بے مثال بین الاقوامی شہرت اور پہچان ملی ہے۔ آج، یوگا صحت، بہبود اور ہم آہنگی کو فروغ دینے والی ایک عالمی عوامی تحریک بن گیا ہے۔
پنکج کمار سنگھ نے مزید کہا کہ یہ ہر ہندوستانی شہری کے لیے فخر کی بات ہے کہ اقوام متحدہ نے ہندوستان کی تجویز کو قبول کیا اور 21 جون کو عالمی سطح پر بین الاقوامی یوگا ڈے کے طور پر منانے کا فیصلہ کیا۔ اس نے یوگا کو پوری دنیا میں صحت کی دیکھ بھال اور مجموعی زندگی کی علامت بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوگا انسانیت کو ہندوستان کے سب سے انمول تحفوں میں سے ایک ہے۔ یہ عمر، جغرافیائی حدود اور ثقافتوں کے درمیان لوگوں کو جسمانی صحت، ذہنی سکون اور روحانی ترقی کے لیے سب سے آسان اور موثر راستہ پیش کرتا ہے۔ آج پوری دنیا صحت مند اور بہتر زندگی گزارنے کے لیے یوگا کو اپنا رہی ہے۔
انہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ یوگا کو اپنے روزمرہ کے معمولات کا حصہ بنائیں اور اپنے خاندان کے افراد کو بھی ایسا کرنے کی ترغیب دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحت مند معاشرے کی تعمیر اسی وقت ممکن ہے جب ہر شہری باشعور اور اپنی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے پرعزم ہو۔
وزیر صحت نے صحت کی بہتر دیکھ بھال کے ایک اہم حصے کے طور پر یوگا کو فروغ دینے کے لیے دہلی حکومت کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت یوگا کو صحت عامہ کے مختلف پروگراموں بشمول دماغی صحت اور طرز زندگی کے انتظام میں شامل کرنے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ آیوشمان آروگیہ مندروں کی روزانہ صحت کی دیکھ بھال میں بھی یوگا کو خصوصی اہمیت دی جارہی ہے۔
نوجوانوں کے کردار پر زور دیتے ہوئے وزیر صحت نے کہا کہ یوگا کو بچپن سے ہی زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ا سکول کے بچے صحت مند عادات پیدا کرنے، انہیں جسمانی طور پر صحت مند، ذہنی طور پر مضبوط اور سماجی طور پر ذمہ دار شہری بننے کے قابل بنانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس خصوصی تقریب کا اختتام شرکاءکے اجتماعی عہد کے ساتھ ہوا کہ وہ باقاعدگی سے یوگا کریں اور اپنے خاندانوں اور برادریوں میں یوگا کے فوائد کے بارے میں بیداری پھیلائیں۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی