
علی گڑھ, 21 جون (ہ س)۔
مائی بھارت علی گڑھ کے زیرِ اہتمام عالمی یومِ یوگا کے موقع پر شری داؤجی سیوا دھام اولڈ ایج ہوم میں یوگا اور تجرباتی تعلیمی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ اسی کے ساتھ پانچ روزہ تجرباتی تعلیمی پروگرام کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگیا۔
پروگرام میں ضلع یوتھ آفیسر سونالی نیگی اور سینئر اکاؤنٹنٹ مہی پال سنگھ نے نوجوانوں کو یوگا کی اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے اس کے فوائد پر روشنی ڈالی۔ سونالی نیگی نے نوجوانوں کو روزمرہ زندگی میں یوگا اپنانے اور صحت مند و متوازن طرزِ زندگی اختیار کرنے کی ترغیب دی۔
ضلع کے مختلف ترقیاتی بلاکس سے آئے نوجوانوں کو یوگا انسٹرکٹر بھوپیندر سنگھ نے یوگا کی افادیت اور اس کے جسمانی، ذہنی اور روحانی فوائد کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کیں۔ اس موقع پر مختلف یوگ آسنوں اور مشقوں کا عملی مظاہرہ بھی کرایا گیا۔
پروگرام کے دوران اولڈ ایج ہوم میں مقیم بزرگ شہریوں اور نوجوانوں کے درمیان ایک بامعنی اور حساس مکالمے کا انعقاد کیا گیا۔ تجرباتی تعلیمی سرگرمی کے تحت نوجوانوں نے بزرگوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان کے زندگی کے تجربات، ماضی کی یادوں اور سماجی موضوعات پر گفتگو کی۔
اس موقع پر اولڈ ایج ہوم میں خاندانی اور خوشگوار ماحول دیکھنے کو ملا۔ نوجوان رضاکاروں نے بتایا کہ بزرگوں کے ساتھ وقت گزارنا ان کے لیے نہایت متاثر کن اور جذباتی تجربہ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں معاشرے میں مثبت سوچ، سماجی ہم آہنگی اور انسانی اقدار کے فروغ میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
پروگرام میں وویک کمار، یتھارتھ سینی، ہمانشی، ابھیئے، جتیندر سمیت متعدد نوجوان رضاکار شریک رہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ