
حیدرآباد، 21 جون (ہ س)۔صدرتلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمارگوڑنے مرکزکی بی جے پی حکومت پر جمہوریت اور دستورکوپامال کرنے کاالزام عائدکرتے ہوئے بی جے پی کوبھگوان کا نام اورمذہب کا سہارا لیئے بغیر کامیاب ہوکردکھانے کاچیلنج کیا۔ آج گاندھی بھون میں راجیہ سبھا انتخابات کے دوران کانگریس کی امیدوارمیناکشی نٹراجن کی نامزدگی مسترد کردینے کے خلاف’جمہوریت بچاؤ‘ستیہ گرہ کاانعقاد کیا۔ صدرپی سی سی نے بی جے پی کی عوام دشمن پالیسیوں کوسخت تنقید کانشانہ بنایا۔ مہیش کمارگوڑنے میناکشی نٹراجن کے پرچہ نامزدگی مسترد کئے جانے پرشدید برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہاکہ جس ریٹرننگ آفیسرنے جان بوجھ کرپرچہ نامزدگی کو مستردکیاہے، اسے پھانسی کی سزادینے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ سب کچھ وزیراعظم نریندرمودی کے اشارے اورسیاسی ہتھکنڈوں کے علاوہ سازش کے تحت کیا گیا ہے۔ اپنے اقتدارکوبچانے کیلئے بی جے پی جمہوریت اوردستورکاخون کررہی ہے۔ مہیش کمارگوڑنے کہا کہ بی جے پی ترقی اورفلاح وبہبودپرکبھی بات نہیں کرتی صرف بھگوان کا نام لیتی مذہبی جذبات بھڑکاتے ہوئے انتخابات میں کامیابی حاصل کررہی ہے۔ انہوں نے مذہب اوربھگوان کا نام لئے بغیرانتخابات میں مقابلہ کرنے کا بی جے پی کو چیلنج کیا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے قائدین منھ میں رام اوربغل میں چھری رکھ کرگھومتے ہیں اورصبح اٹھتے ہی گوڈ سے کا نعرہ لگاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی جمہوریت اور دستورپریقین نہیں رکھتی۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق