
نوئیڈا، 21 جون (ہ س)۔
تھانہ جیور علاقے کے یمنا ایکسپریس وے پر متھرا کے رکن اسمبلی کی سیکورٹی میں چل رہی اسکارٹ کی جیپ میں اتوار کی دوپہر کو غلط سمت (رانگ سائیڈ) سے آ رہے ایک ٹرک ڈرائیور نے ٹکر مار دی۔ اس واقعے میں ایک سب انسپکٹر (داروغہ) کی موت ہو گئی، جب کہ اسکارٹ میں تعینات ایک اور پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ واقعے کی رپورٹ درج کر کے پولیس معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر آف پولیس (ڈی سی پی) گریٹر نوئیڈا روی شنکر نم نے بتایا کہ ضلع متھرا کے رکن اسمبلی راجیش چودھری اتوار کی دوپہر کو متھرا سے جیور ایئرپورٹ پر فلائٹ پکڑنے کے لیے جا رہے تھے۔ ان کے اسکارٹ میں چل رہی بولیرو جیپ میں غلط سمت سے آ رہے ایک ٹرک ڈرائیور نے ٹکر مار دی۔
انہوں نے بتایا کہ اس واقعے میں جیپ میں سوار راجیندر سنگھ یادو اور کانسٹیبل سلطان سنگھ وغیرہ شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں علاج کے لیے اسپتال میں داخل کرایا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے راجیندر سنگھ یادو (تعیناتی پولیس لائن متھرا) کو مردہ قرار دے دیا۔ کانسٹیبل سلطان سنگھ اور دیگر کو معمولی چوٹیں آئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس نے ٹرک کو قبضے میں لے لیا ہے اور ضروری قانونی کارروائی کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن