
جموں، 21 جون(ہ س)۔
شری ماتا ویشنو دیوی یاترا کے دوران یاتریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ریاسی مکند تیبریوال نے یاترا ٹریک اور بھون علاقے کا پیدل دورہ کرکے سیکورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر ایس پی کٹرا کامیشور پوری، پولیس اور سی آر پی ایف کے اعلیٰ افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔ ایس ایس پی نے یاتریوں کی اسکریننگ، سامان کی اسکیننگ، اہم مقامات پر تعینات اہلکاروں کی مستعدی اور سانجھی چھت ہیلی پیڈ کے حفاظتی انتظامات کا معائنہ کیا۔
انہوں نے بھون اور یاترا ٹریک پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں کی رہائشی سہولیات کا بھی جائزہ لیا اور بڑھتی ہوئی یاتریوں کی تعداد کے پیش نظر تمام اہلکاروں کو ہمہ وقت چوکس رہنے کی ہدایت دی۔ مکند تیبریوال نے رات کے اوقات میں موثر گشت، مختلف ایجنسیوں کے درمیان بہتر تال میل اور وقتاً فوقتاً سیکورٹی آڈٹ کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عقیدت مندوں کو محفوظ اور پُرامن ماحول فراہم کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ یہ سیکورٹی جائزہ یاترا کے دوران حفاظتی انتظامات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ضلعی پولیس اور متعلقہ ایجنسیوں کی جاری کوششوں کا حصہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر