
مانچسٹر (انگلینڈ)، 21 جون (ہ س) ۔ ہندوستانی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ہرمن پریت کور نے خواتین کے ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 میں جنوبی افریقہ کے خلاف میدان میں اترتے ہی تاریخ رقم کی۔ وہ 200 ٹی 20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والی دنیا کی پہلی کھلاڑی بن گئیں۔ قابل ذکر ہے کہ آج تک کسی بھی مرد یا خاتون کرکٹر نے یہ کارنامہ انجام نہیں دیا۔
مانچسٹر کے ایمریٹس اولڈ ٹریفورڈ میں اتوار کے میچ کے دوران ٹاس کے لیے میدان میں آتے ہی ہرمن پریت کور نے یہ تاریخی ریکارڈ اپنے نام کیا۔ ہرمن پریت کور کو خصوصی موقع کی مناسبت سے خصوصی جرسی اور ٹوپی پیش کی گئی۔
بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیا (بی سی سی آئی) نے سوشل میڈیا پر لکھا ”احترام، محبت اور بہت سی یادیں“۔ نائب کپتان اسمرتی مندھانا اور ہیڈ کوچ امول مزومدار نے ہرمن پریت کور کو خصوصی '200' نمبر کی جرسی اور پوری ٹیم کے دستخط شدہ ٹوپی پیش کی۔
ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ کھیلنے والی کھلاڑیوں کی فہرست میں ہرمن پریت کے بعد نیوزی لینڈ کی لیجنڈری بلے باز سوزی بیٹس ہیں جنہوں نے 184 میچ کھیلے ہیں۔وہیں، مردوں کی کرکٹ میں، سابق کپتان روہت شرما کے پاس بھارت کے لیے سب سے زیادہ ٹی20 بین الاقوامی مقابلوں کا ریکارڈ ہے، انہوں نے 159 میچوں میں بھارت کی نمائندگی کی۔
ہرمن پریت کور کا ٹی20 انٹرنیشنل کیریئر شاندار رہا ہے۔ اس میچ سے قبل انہوں نے 199 میچوں میں 4,123 رن بنائے تھے جن میں ایک سنچری اور 17 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ اب، اپنے 200ویں میچ کے ساتھ، انہوں نے اپنے شاندار کیریئر میں ایک اور تاریخی باب کا اضافہ کیا ہے۔
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی