
کاٹھمنڈو، 21 جون (ہ س)۔
نیپال کے وزیر اعظم بالیندر شاہ نے ہندوستان سے سرحدی تنازعہ پر اتوار کے روز وضاحت پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس کالا پانی اور لپولیکھ کے کافی ثبوت موجود ہیں۔ اگر ہمیں برطانوی دورِ حکومت کی دستاویزات پیش کرنے کی ضرورت پڑی، تو ہم وہ بھی پیش کریں گے، لیکن ہمارا مقصد برطانیہ کو ثالث بنانا نہیں ہے۔
راشٹریہ سوتنتر پارٹی کے پہلے کنونشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں انہوں نے ہندوستان کے ساتھ سرحدی تنازعہ کے معاملے پر ضرورت پڑنے پر برطانوی فریق سے بھی بات کرنے کی تیاری ظاہر کی تھی۔ اس کے بعد یہ سوال اٹھایا گیا کہ نیپال-ہندوستان سرحدی تنازعہ میں کسی تیسرے ملک کی موجودگی کی ضرورت کیوں پڑ رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نیپال اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ ثبوتوں کی بنیاد پر بات چیت کر کے سرحدی تنازعہ کا حل نکالے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پڑوسیوں سے خود بات چیت کر کے اس مسئلے کو سلجھائیں گے۔ ہمارے پاس کافی ثبوت ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میری حبِ وطنی اور قوم پرستی پر کسی کو بھی شک کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / انظر حسن