
جموں, 21 جون (ہ س)۔ امرناتھ یاترا کے دوران عقیدت مندوں کی آن سپاٹ رجسٹریشن کے عمل کو آسان اور منظم بنانے کے لیے ضلع ہیڈکوارٹر جموں میں 75 ڈیٹا انٹری آپریٹروں کے لیے خصوصی تربیتی پروگرام منعقد کیا گیا۔ یہ پروگرام ڈپٹی کمشنر جموں ڈاکٹر راکیش منہاس کی ہدایت پر منعقد ہوا۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ودھو شیکھر نے پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے شرکاء کو ان کو فرائض اور ذمہ داریوں سے آگاہ کیا اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے یاترا کے لیے کیے گئے انتظامات پر تفصیلی روشنی ڈالی۔
ضلع انفارمیٹکس افسر اور نیشنل انفارمیٹکس سینٹر (این آئی سی) جموں کے ڈائریکٹر آئی ٹی سنجیو کپور نے ڈیٹا انٹری آپریٹروں کو آن سپاٹ رجسٹریشن اور ای-کے وائی سی کے طریقہ کار کے بارے میں تربیت فراہم کی۔
حکام کے مطابق یاتریوں کے لیے آن سپاٹ رجسٹریشن کی سہولت مہاجن ہال شالامار اور تاوی ریور فرنٹ جموں میں دستیاب ہوگی، جبکہ سادھوؤں کے لیے گیتا بھون پریڈ اور شری رام مندر پرانی منڈی کو مخصوص مراکز نامزد کیا گیا ہے۔ غیر ای-کے وائی سی رجسٹریشن کو ای-کے وائی سی میں تبدیل کرنے کی سہولت ریلوے اسٹیشن جموں اور یاتری نواس بھگوتی نگر میں فراہم کی جائے گی۔
پہلگام اور بالتل دونوں راستوں سے امرناتھ یاترا پر جانے والے عقیدت مند ان مراکز پر رجسٹریشن کرا سکیں گے۔ کامیاب رجسٹریشن کے بعد یاتریوں کو آر ایف آئی ڈی کارڈ جاری کیے جائیں گے، جو یاترا کے لیے لازمی ہوں گے۔
واضح رہے کہ امرناتھ یاترا کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا عمل 15 اپریل سے جاری ہے، جبکہ آن سپاٹ رجسٹریشن کے لیے ٹوکنوں کی تقسیم 30 جون سے شروع ہوگی اور یکم جولائی سے باضابطہ رجسٹریشن اور نان ای-کے وائی سی رجسٹریشن کو ای-کے وائی سی میں تبدیل کرنے کا عمل شروع کیا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر