
حیدرآباد ، 21 جون (ہ س)۔ شہادت امام حسینؓ کے موقع پرحیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے سخت حفاظتی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ عاشورہ کے پرامن انعقاداورعقیدت واحترام سے منانے کیلئے بہترین ماحول فراہم کیاجارہاہے۔ یہ بات سٹی پولیس کمشنرحیدرآباد وی سی سجنارنے بتائی۔انہوں نے آج پرانے شہر کا دورہ کیا اوربی بی کے الاو پرحاضری دی ۔ بعدازاں جلوس کی تیاریوں اورانتظامات کا جائزہ لیا۔ بالخصوص سری دیوی ہاتھی کوبی بی کے علم کے جلوس کی مشق کروائی گئی اورمختلف انجمنوں سے بات چیت کی۔ کمشنرپولیس نے عوام کویقین دلایاکہ محرم کیلئے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ کمشنرپولیس حیدرآباد وی سی سجنارنے بتایاکہ بی بی کےعلم جلوس کیلئے 2 ہزارپولیس ملازمین کی تعیناتی عمل میں لائی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ جلوس کے موقع پرٹریفک نظام کوبہتربنانے کیلئے ٹریفک تحدیدات کوعائد کیا جارہاہے۔ انہوں نے بتایا کہ 10 محرم کے انتظامات کومزید بہتربنانے اورموجودہ پالیسی میں بہتری کیلئے سری دیوی کے ذریعہ ٹرائل رن مشق کروائی گئی۔ کمشنرپولیس نے عوام سے ہمیشہ کی طرح تعاون اور نیک خواہشات کو وابستہ رکھتے ہوئے کہا کہ شہر کے ہر بڑے پروگرام اور تہواروں کے موقع پر عوام نے ہمیشہ پولیس کا بہترین ساتھ دیا ہے۔ عوامی تعاون اور گنگاجمنی تہذیب کی روایت کو عوام نے ہمیشہ قائم رکھا ہے اور پولیس ہمیشہ کی طرح عوام کو بہترین اور خوشگوار ماحول فراہم کرے گی۔
۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق