
نئی دہلی، 17 جون (ہ س)۔ جنوبی دہلی کے سنگم وہار علاقے میں بدھ کی صبح آپسی رنجش میں32 سالہ ہردیش کو گولی مار کر ہلاک کر دیا گیا۔ دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار ملزمین نے واردات کو انجام دیا۔
پولیس کے مطابق متوفی ہردیش ٹاٹا 407 میں ملبہ ڈھونے کا کام کرتا تھا۔واقعہ کے وقت ہردیش اپنے گھر کے باہر تھا جبکہ اس کا چھوٹا بھائی ٹاٹا 407 کو باہر نکال رہا تھا۔ اسی دوران دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار نوجوان آئے اور انہوں نے ہردیش پر کئی گولیاں چلائیں۔ فائرنگ کی آواز سن کر آس پاس کے لوگ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے تاہم تب تک حملہ آور فرار ہو چکے تھے۔ شدید زخمی ہردیش کو اس کے اہل خانہ قریبی اسپتال لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
اطلاع ملتے ہی سنگم وہار پولیس اور اعلیٰ افسران جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، شواہد اکٹھے کیے اور آس پاس کے سی سی ٹی وی کیمروں سے فوٹیج کی جانچ شروع کر دی ہے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا گیا ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ ہردیش کا علاقے میں رہنے والے ایک خاندان کے ساتھ دیرینہ تنازعہ تھا۔ شبہ ہے کہ قتل پرانی دشمنی کا نتیجہ ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کے اہل خانہ اور مقامی افراد سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ مشتبہ افراد کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کے تجزیے کے ساتھ تکنیکی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد